سکھر۔۔۔ وزیر اعظم محمد نواز شریف نے جمعہ کے روز سکھر بیراج پہنچ کر ممکنہ سیلابی صورتحال کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر انہوں نے تازہ ترین سیلابی صورتحال، پی ڈی ایم اے، سمیت دیگر اداروں کی جانب سے اٹھائے گئے اقدامات کے بارے میں تفصیلی بریفنگ لی۔ وزیر اعلی سندھ سید قائم علی شاہ، مسلم لیگ ( ن) کے رہنماء سلیم ضیاء، ماروی میمن، نہال ہاشمی، آئی جی سندھ غلام حیدر جمالی سمیت دیگر حکام موجود تھے۔ اس موقع پر صوبائی سیکریٹری محکمہ آبپاشی بابر آفندی نے وزیر اعظم کو چارٹس، نقشوں کے زریعہ پنجاب میں ہونیوالی بارشوں اور سیلابی طغیانی کے پانی کی دریائے سندھ میں گڈو اور سکھر بیراج کے مقامات پر آمد اور ممکنہ سیلاب کی تازہ ترین صورتحال، حفاظتی بندوں پشتوں کی مضبوطی کیلئے کئے گئے کام اور ریلیف کیمپوں، خیمہ بستیوں کے قیام، دریا سے متصل کچے کے علاقوں سے لوگوں کو ریلیف کیمپس اور محفوظ مقامات پر منتقلی سمیت ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی و دیگر متعلقہ اداروں کی کارکردگی سے آگاہ کیا۔ انہوں نے دوران بریفنگ محکمہ آبپاشی کی جانب سے اٹھائے جانیوالے اقدامات کی بابت چارٹس اور نقشوں کی مدد سے تفصیلی طور پر بریفنگ دی۔ اس موقع پر انہوں نے سیلابی پانی کی آمد اور اخراج کے تازہ ترین ریکارڈ کے اعداد و شمار بھی پیش کئے جبکہ سکھرگڈو بیراج کے امکانی سیلابی پانی آمد کی توقع اور گنجائش کی بابت بھی آگاہ کیا۔ وزیر اعظم کے سامنے اس موقع پر مذکورہ مقامات پر سیلابی صورتحال کے موقع پر پانی کی مقدار اور 2010ء کی سیلابی صورتحال کا موازنہ بھی پیش کیا گیا اور آگاہ کیا گیا کہ سندھ میں سیلابی پانی کی آمد و اخراج میں کمی کے باعث کسی سپر یا اونچے درجہ کے سیلاب کے امکانات معدوم ہو چکے ہیں۔ بریفنگ کے دوران وزیر اعظم سے ممکنہ سیلابی صورتحال سے نمٹنے کیلئے مطلوب اشیائے ضرورت کی وفاقی حکومت کی جانب سے فراہمی کیلئے ضروریات کے براے میں بھی آگاہ کیا گیا