ملتان۔۔۔ وزیرمملکت پانی وبجلی عابدشیرعلی نے کہاکہ اسلام آبادمیں دھرنے دینے والوں نے سڑکیں روک کرعوام کا استحصال کر رہے ہیں لیکن ان سے صرف آئینی مطالبات پرہی بات چیت ہو گی۔ یہاں اپنی آمدکے بعدہیڈمحمد والاکے سیلابی علاقہ کے دورہ کے موقع پرمیڈیاسے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ وزیراعظم نواز شریف کی ہدایت پروزیراعلیٰ پنجاب اور دیگروزراء روزانہ سیلابی علاقوں کا دورہ کرنے کے ساتھ ساتھ سیلاب کے متاثرین کی امداد کیلئے دن رات ایک کئے ہوئے ہیں، سیلاب کے متاثرین کے مال واسباب کے نقصان کی تلافی پنجاب اور وفاق کی حکومت مل کرکرے گی اورکوئی مسلم لیگی کارکن اس وقت تک گھروں میں نہیں بیٹھے گاجب تک سیلاب متاثرین کی بحالی کا کام مکمل نہیں ہوجاتا۔عابدشیرعلی نے کہاکہ ریلیف کیمپوں میں ایک سیکنڈکیلئے بھی بجلی بند نہیں کی جاتی، ہم سیلاب کے متاثرین کی امداد کسی سیاست کی وجہ سے نہیں بلکہ اپنا فرض اور ذمہ داری سمجھ کر کر رہے ہیں، دوسری طرف اسلام آبادمیں دھرنے والے روزانہ رقص کی محفلیں اور ایئر کنڈیشنڈ کنٹینر پر موج کر رہے ہیں، لوگ دیکھ رہے کہ دھوپ اور پانی میں کون ان کی مدد کو پہنچ رہاہے یہ صرف وزیر ا عظم نواز شریف ، وزیر اعلی شہبا زشریف اوران کے وزراء ہی ہیں جوہرعلاقے میں پہنچ رہے ہیں۔وزیرمملکت نے کہاکہ پی ٹی آئی کے وائس چیئرمین شاہ محمودقریشی کوبھی توفیق نہیں ہوئی کہ وہ اس علاقہ میں سیلاب متاثرین کی مددکوآئیں، وہ دیکھ لیں کہ میں ان کے شہرمیں ان کے لوگوں کی مددکیلئے وزیراعظم کے حکم سے پہنچ گیاہوں۔انہوں نے کہاکہ وزیراعظم نواز شریف سیلاب متاثرہ علاقوں کوآفت زدہ قراردیدیاہے اورانشاء اللہ عیدکی خوشیاں آپ اپنے گھروں میں منائیں گے۔عابدشیرعلی نے کہا کہ عمران خان اصل میں الزام خان ہیں لیکن وہ پارٹی صدرجاویدہاشمی کی ایک بھی بات کابھی تک جواب نہیں دے سکے۔عمران خان خود اسلام آبادمیں سینکڑوں کنال کے گھرمیں رہتے ہیں اورسال کاصرف سوالاکھ ٹیکس دیتے ہیں، انہیں چاہیے کہ انا کی لڑائی چھوڑکرسیلاب زدگان کی مددکوپہنچیں وہ کنٹینرپرکھڑے ہوکرخالی کرسیوں کے سمندرسے خطاب کرتے ہیں۔ ان کے اس عمل سے بھارت دوستی کی خوشبوآتی ہے ،معیشت کو ان کی وجہ سے جتنانقصان ہواہے، قوم ان سے اس کاحساب لے گی ،چین کے صدر کے پاکستان آنے پرساڑھے دس ہزار میگاواٹ کے پاور پلانٹس لگنے تھے لیکن دھرنے کی وجہ سے دورہ منسوخ ہوا، اس طرح دھرنے والوں نے پاکستان دشمنی کاثبوت دیادیدیاہے۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ہم مذاکرات سے ہی مسائل کاحل نکالنا چاہتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ اے این پی والوں نے پی ٹی آئی پر الزام لگایا ہے کہ انہوں نے الیکشن کے موقع پرطالبان کی مدد سے الیکشن کمپین میں رکاوٹیں ڈالیں اوران کے ووٹرزکوخوفزدہ کیا۔ انہوں نے بلاول بھٹو زرداری کے دورہ پنجاب خصوصاََملتان کوخوش آئند قرارددیتے ہوئے اسے ایک مثبت قدم قرار دیا۔