پاکستان سمیت دنیا بھر سے آئے لاکھوں عازمین جمعہ کے روز حج کا رکن اعظم وقوف عرفات ادا کریں گے
مکہ مکرمہ(یو این پی)دنیا بھر سے تیرہ لاکھ عازمین حج کا فریضہ سر انجام دینے مکہ مکرمہ پہنچ گئے مناسک حج کا آغاز (آج )سے ہو گا،پاکستان سمیت دنیا بھر سے آئے لاکھوں عازمین جمعہ کے روز حج کا رکن اعظم وقوف عرفات ادا کریں گے، مسجد نمرہ میں خطبہ حج سننے کیساتھ ساتھ نماز ظہر اور عصر کی نمازیں اکھٹی میدان عرفات میں ادا کی جائیں گی۔ نماز عصر اور مغرب کے درمیان وقوف عرفات ہو گا جس میں حجاج اللہ رب العزت کے حضور خشوع و خضوع کے ساتھ دعائیں کریں گے۔ حج کا رکن اعظم وقوف ادا کر کے سورج غروب ہونے کے بعد حجاج کرام مزدلفہ روانہ ہو جائیں گے، جہاں وہ مغرب اور عشا کی نمازیں ایک ساتھ ادا کریں گے۔ مزدلفہ میں رات قیام کے دوران حجاج رمی جمرات کے لیے کنکریاں چْنیں گے اور طلوع آفتاب کے بعد منیٰ روانہ ہو جائیں گے۔ دس ذوالحج کو حجاج کرام مزدلفہ میں نماز فجر کی ادائیگی اور طلوع آفتاب کے بعد منیٰ روانہ ہوں گے جہاں سب سے بڑے شیطان کو کنکریاں ماری جائیں گی۔ رمی کے بعد حجاج جانور کی قربانی اورسر مْنڈوا کر یا بال کٹوا کر اپنا احرام کھول دینگے، اس کے بعد مکہ المکرمہ جا کر مسجد الحرام میں طواف زیارت اور صفا و مروہ کے درمیان سعی کریں گے اور بعدازاں حجاج کرام واپس منیٰ چلے جائیں گے۔