راولپنڈی (یو این پی )طبی ماہرین نے عید قربان پر گوشت کے استعمال میں اعتدال اور احتیاط کی ہدایت کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ گوشت کے غیر ضروری استعمال سے معدے اور پیٹ کے امراض لاحق ہو سکتے ہیں ۔معروف معالج ڈاکٹر نسیم احمد شیخ نے یواین پی کو بتایا کہ شہری عید قرباں پرگوشت ضرور کھائیں لیکن اس ضمن میں اعتدال اور احتیاطی تدابیر کو بھی ملحوظ خاطر رکھیں۔ڈاکٹر نسیم احمد شیخ نے نے عید قربان کے موقع پر گوشت کھانے میں احتیاط کا مشورہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ گوشت کے پکوانوں میں زیادہ مرچ مصالحے نہ ڈالیں نیز ان پر سبز دھنیے کی گارنش ضرور کریں گوشت کے ہمراہ سلادخصوصاًپودینہ ،لیموں اوردہی کا رائتہ استعمال کریں۔انہوں نے کہا کہ گوشت کھانے کے ساتھ ساتھ سبزیوں کا استعمال بھی جاری رکھیں،سبزیوں میں ٹماٹر، پھلیاں، سلاد (مولی گاجر چقندر مٹر)کا استعمال مفید ہے ۔ڈاکٹر نسیم نے کہا کہ ابلا ہوا یا بھاپ میں تیارکیا ہواگوشت بھنے ہوئے گوشت سے بہت بہتر ہے۔گوشت کا ضرورت سے زیادہ استعمال اگر فوری طورپرنقصان نہ دے تو بھی آنے والے دنوں میں کئی دیگر امراض کا سبب بن سکتا ہے ۔جوڑوں کے درد ،ہائی بلڈ پریشراور شوگر کے مریض گوشت کم کھائیں۔یورک ایسڈ کی زیادتی اور گردوں کے مریض گوشت کا استعمال اپنے معالج کے مشورے پرہی کریں۔خصوصاً دل کے مریض چربی والا گوشت ،گردے ،مغز،سری پائے اورکلیجی وغیرہ استعمال نہ کریں کیونکہ چربیلے مادے کولیسٹرول کی شکل اختیار کر لیتے ہیں۔ بکرے کا گوشت ہر عمر اورہر مرض کے افراد کے لئے ضروری ہے جبکہ گائے کا گوشت خارش ،جگر، ہائی بلڈ پریشر ہائی کولیسٹرول بواسیر شوگر کے مریض احتیاط کے ساتھ استعمال کریں۔ گائے کے گوشت میں کولیسٹرول بکرے کے گوشت کی نسبت زیادہ ہوتا ہے جبکہ اونٹ کے گوشت میں کولیسٹرول بہت کم ہوتا ہے۔ اسکے علاوہ ضروری ہے کہ قربانی کے گوشت والے ایک کھانے کے بعد دوسرے کھانے میں کم از کم 5 سے 6 گھنٹے کا فرق رکھا جائے۔عید الاضحی کے موقع پراکثر حلق میں ہڈی پھنسنے کے واقعات رونما ہوجاتے ہیں۔لہذا ہڈی والا گوشت کھاتے ہوئے خصوصی احتیاط برتیں خصوصاًچھوٹے بچوں کو بغیر ہڈی کے گوشت اپنی نگرانی میں کھلائیں۔