اسلام آباد ۔۔۔گورنرپنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا ہے کہ تحریک انصاف اور عوامی تحریک کے احتجاجی مظاہروں اور دھرنوں سے قومی معیشت بری طرح متاثر ہوئی ہے۔ ایک نجی ٹی وی چینل کو انٹرویو میں انہوں نے کہاکہ چین، سری لنکا اور قطر کے رہنما دھرنوں کی وجہ سے پاکستان کا دورہ نہیں کرسکے۔ گورنر نے کہا کہ تحریک انصاف اور عوامی تحریک کے رہنماؤں کو عوام کے وسیع تر مفاد میں مسائل کے حل کیلئے مذاکرات شروع کرنے چاہئیں۔انہوں نے احتجاج کرنے والی جماعتوں پر زور دیا کہ وہ سیاسی بحران کے حل کیلئے سیاسی بالغ نظری کا مظاہرہ کریں، گورنر نے کہا کہ احتجاجی مظاہروں اور دھرنوں میں شریک لوگوں کو عیدالاضحی اپنے آبائی شہروں میں منانی چاہئے۔ ایک سوال پر گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا کہ ملک دشمن عناصر پاکستان کی معیشت کو پٹڑی سے اتارنے کی سازش کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کچھ ملکوں کو پاک چین اچھے تعلقات پر تحفظات ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نواز شریف بیرون ملک پاکستان کا تشخص بہتر بنانے کی ہرممکن کوشش کر رہے ہیں۔