راولپنڈی (یواین پی) پاک فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف نے عیدالاضحی اگلے مورچوں پر منائی اور آپریشن ضرب عضب میں مصروف جوانوں کے ساتھ عید ملے، پاک فوج کے محکمہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر) کے مطابق چیف آف آرمی سٹاف جنرل راحیل شریف نے عید الاضحی کی نماز وانا میں ادا کی اور جوانوں سے عید ملے، بعد ازاں وہ شمالی وزیرستان میں مصروف عمل جوانوں سے ملنے کیلئے میران شاہ گئے، پاک فوج کے سربراہ نے آپریشن ضرب عضب میں پیش رفت کا جائزہ لیتے ہوئے اب تک حاصل کئے گئے اہداف اور کامیابیوں پر اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے جوانوں کے ساتھ ملاقاتوں، آپریشن کی کامیابی کیلئے ان کے عزم اور حوصلے کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ پاک فوج اور پاکستان کے عوام کے عزم و ہمت کو مدنظر رکھتے ہوئے اس امر میں کوئی شائبہ نہیں کہ ہم اپنے ملک سے دہشت گردی کے کینسر کو ہمیشہ کیلئے جڑ سے اکھاڑ پھینکیں گے۔ انہوں نے شہداء اور زخمیوں کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا جنہوں نے ملک کے دفاع کیلئے عظیم قربانی پیش کی۔ بعدازاں بنوں میں آئی ڈی پیز کیمپ کے دورہ کے دوران پاک فوج کے سربراہ نے فاٹا کے عوام کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیا اور ان کے جذبہ، یقین اور حب الوطنی کو سراہا۔ انہوں نے یقین دلایا کہ پاک فوج عارضی طور پر بیدخل ہونے والے افراد کی مدد اور فوری بحالی کیلئے بھرپور مددکرے گی۔ انہوں نے فاٹا کے نوجوانوں کو مرکزی دھارے میں لانے اور ان کی صلاحیتوں سے استفادہ کرنے کیلئے فاٹا کے نوجوانوں کیلئے ایک جامع پیکج کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس پیکج کے تحت فاٹا کے 14 ہزار نوجوانوں کو اگلے پانچ سالوں میں پاک فوج میں شامل کیا جائے گا جبکہ فوری طور پر پہلے 6 ماہ ایک ہزار نوجوانوں کو پاک فوج میں بھرتی کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ فاٹا کے 1500 بچوں کو تمام کنٹونمنٹس میں آرمی پبلک سکولوں اور کالجوں میں مفت تعلیم کی سہولت فراہم کی جائے گی۔ ملٹری کیڈٹ کالجز میں فاٹا کے طلباء کیلئے سالانہ بنیاد پر سیٹیں بھی مختص کی جاچکی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فاٹا کے نوجوانوں بالخصوص عارضی نقل مکانی کرنے والوں کی تکنیکی مہارتوں کو فروغ دینے اور ان کا کارآمد شہری بنانے کیلئے انہیں تمام بڑے کنٹونمنٹس میں پاک فوج کے تحت چلنے والے ٹیکنیکل ٹریننگ کے اداروں میں تکنیکی تربیت فراہم کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ فاٹا کے نوجوانوں کیلئے بڑے پیمانے پر سمندر پار ملازمتوں کیلئے انتظامات کئے جارہے ہیں۔ انہوں نے اس توقع کا اظہار کیا کہ فاٹا کی ترقی اور خوشحالی فاٹا کے عوام کیلئے مواقع پیدا کرے گی اور ایک پرامن اور ترقی پسند پاکستان کیلئے معاون ہوگی۔ قبل ازیں آرمی چیف کا وانا وزیرستان آمد پر کمانڈر 11 کور لیفٹیننٹ جنرل ہدایت الرحمان نے استقبال کیا۔