اسلام آباد (یواین پی) پاکستان بھر میں عیدالاضحیٰ مذہبی جوش وجذبے اورعقیدت واحترام سے منائی گئی۔ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سمیت ملک بھر میں عیدالاضحیٰ کے لاکھوں چھوٹے بڑے اجتماعات ہوئے جن میں ملک کی سلامتی ‘ استحکام ‘ ترقی وخوشحالی ‘ امن وآشتی اوراتحاد امت کیلئے خصوصی دعائیں کی گئیں، جبکہ فرزندان اسلام نے سنت ابراہیمی کی یاد تازہ کرتے ہوئے لاکھوں جانور ذبح کئے ۔ وفاقی دارالحکومت میں عیدالاضحیٰ کا سب سے بڑا اجتماع فیصل مسجد میں ہوا جس میں ہزاروں نمازیوں نے شرکت کی اس کے علاوہ وفاقی دارالحکومت کی سینکروں مساجد ‘ عید اور امام بارگاہوں میں نماز عید کے اجتماعات ہوئے ‘ علماء کرام نے نماز عید کے خطبات میں عیدالاضحیٰ کی اہمیت اور دینی تعلیمات کو اجاگر کیا اور پاکستان اور امت مسلمہ کے اتحاد ویکجہتی‘ ترقی وخوشحالی ‘ دہشت گردی کے فتنہ سے نجات کیلئے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔ نماز عید کی ادائیگی کے بعد مساجد‘عید‘ امام بارگاہوں ‘ گلی محلوں میں لوگوں نے ایک دوسرے کو عید کی مبارک باد دی اور سنت ابراہیمی کی یاد تازہ کرتے ہوئے قربانی کے چھوٹے اور بڑے جانور ذبح کیے ۔ وفاقی دارالحکومت سمیت ملک بھر کے ہرگلی محلے میں جانور قربان کیے گئے ‘ کسی نے بکرا اور دبنے کی قربانی دی تو کہیں اونٹ ‘ بیل اور دیگر بڑے جانور اجتماعی اور انفرادی سطح پر ذبح کیے گئے ۔اجتماعی قربانی کا اہتمام مختلف مکاتب فکر کی مساجد اورمدرسوں کے علاوہ دینی وسیاسی جماعتوں سے وابستہ الخدمت فاونڈیشن ‘ فلاح انسانیت فاونڈیشن جیسی این جی اوز کے ذریعے کیا گیا۔ قربانی کے جانورذبح کرنے کے بعد گوشت کی تقسیم کامرحلہ شروع ہوا اور قربانی کی استطاعت رکھنے والے مسلمانوں نے قربانی نہ کرسکنے والے مسلمان بھائیوں کو عید کی خوشیوں میں شامل کیا۔ اس کے ساتھ ہی گھروں میں عیدالاضحیٰ کے خصوصی پکوان کی تیاری ‘ دعوتوں اورملاقاتوں کا سلسلہ بھی کئی روز تک جاری رہے گا۔