کویت سٹی (عبدالشکورابی حسن سے) کویت میں پاکستانی کمیونٹی کے مخیر حضرات نے ایک گھنٹہ میں ایک سیلاب زدگان کی امداد کے لئے ایک کروڑ بیس لاکھ روپے کی خطیر رقم جمع کرادی ۔کویت کی معروف کاروباری شخصیات نے جو عرصہ بائیس سال سے ایک خطیر رقم کی کمیٹی ڈالنے کی ریت قائم کی ہوئی ہے اس سلسلہ میں ہرسال ایک عظیم الشان تقریب کا اہتمام کیاجاتاہے جہاں ہر آنے والے نئے سفیر کے اعزازمیں عشائیہ دیا جاتاہے ۔اختشام اللہ دتہ اس کمیٹی کے روح رواں ہیں ۔گذشتہ روز انہوں نے کمیٹی کے ارکان اور نئے سفیر محمد اسلم خان اورسفارت کاروں کے اعزاز میں عشائیہ کا اہتمام کیا جس میں کویت کی معروف مخیر شخصیات کے علاوہ کثیرالاتعداد پاکستانی کمیونٹی نے شرکت کی ۔اس موقعہ پر کمیٹی نکالی گئی اوراحتشام اللہ دتہ نے کہاکہ وہ حسب روایت اپنی پہلی کمیٹی نہیں لیں گے اس شرط پر جس کو یہ کمیٹی چاہئے وہ سیلاب زدگان کے لئے امداد کا اعلان کرے اس موقعہ پر ایک سکول کے پرنسپل چوہدری ماجد نے سات ہزارکویتی دینار(ڈھائی ملین پاکستانی روپے ) سیلاب زدگان کے لئے دئیے اس کے بعد معروف تاجر عبدالرشید نے دس ہزاردینار،حافظ محمد شبیر ممبر اوپی ایف ایڈوائزاری کونسل اور چیئرمین پاکستان بزنس کونسل محمد عارف بٹ نے پندرہ ہزار دینار دینے کا اعلان کیا اس کے بعد چندہ دینے والوں کی لائن لگ گئی ۔اس موقعہ پر سفیر پاکستان محمداسلم خان نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ وہ تمام حضرات کو عید الضحی نسبت سے مبارک باد پیش کرتے ہیں وہ تقریب کے منتظمین احتشام اللہ دتہ ،محمد افضل شافی ،شاہد اقبال ،محمد عارف بٹ ،اورحافظ محمد شبیر سمیت جنہوں نے اس تقریب میں حصہ لیاہے وہ انہیں مبارک باد پیش کرتے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ کویت میں پاکستانی کمیونٹی بہت محنتی اورقوم کے لئے عظیم آثاثہ ہیں وہ ان کے بھی ممنون ہیں جو مختصر نوٹس پر سفارت خانہ میں تشریف لائے آج کمیونٹی کا قومی جذبہ دیکھنے میں آیا ہے اسے دیکھ کر ان کی جتنی حوصلہ افزائی ہوئی الفاظ میں سمو نہیں سکتا وہ لوگ افضل ترین اورلائق تحسین ہیں جو دوسروں کی مدد کرتے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ کویت اورپاکستان کے درمیان دیرینہ دوستانہ تعلقات قائم ہیں ۔کویت ایئرپورٹ پر ان کا بڑی گرم جوشی سے استقبال کیا گیا امیر کویت شیخ صباح الاحمدالجابرالصباح کو سفارتی اسناد پیش کرنے گیا تو انہوں نے بھی بڑی گرمجوشی سے مجھے خوش آمدید کہاکہ ،پاکستان کے بارے میں ان کے جذبات دیکھ کر مزید حوصلہ افزائی ہوئی دونوں ممالک کے عوام کے درمیان دوستی اورمحبت کا رشتہ ہے تاہم تجارت اورسرمایہ کاری میں مزید بہتری کی گنجائش موجود موجودہے ۔سفیر پاکستان نے کہاکہ کمیونٹی کے مختلف شعبوں میں بڑی صلاحیت موجودہے اس صلاحیت کے تحت کام کرنا ہے ۔انہوں نے کہاکہ کویت آنے سے قبل ان کی صدرپاکستان سید ممنون حسین سے ملاقات ہوئی وہ کویت میں پاکستان ؤی کمیونٹی کے بارے میں بہت جانتے ہیں صدرمملکت نے کہاکہ ہماری کمیونٹی کا بڑی خدمات ہیں آپ نے ان کی خدمت کرنی ہے ۔سفیر پاکستان محمد اسلم خان نے کہاکہ وہ امریکہ میں رہے وہاں سے آئے ہوئے چارسال ہوگئے ہیں مگر وہاں پرمقیم پاکستانی کمیونٹی سے آج بھی دوستی اورمحبت کا رشتہ قائم ہے ۔آپ لوگوں نے نہ صرف میری بلکہ میرے تمام افسران کی بھی حوصلہ افزائی کی ۔