لاہور … طبی ماہرین نےعید قربان كے موقع پر گوشت كھانے میں احتیاط كا مشورہ دیتے ہوئے كہا ہے كہ گوشت ضرور كھائیں لیكن اس ضمن میں اعتدال پسندی اور احتیاطی تدابیر كو بھی ملحوظ خاطر ركھیں۔طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ گوشت كا ضرورت سے زیادہ استعمال اگر فوری طورپرنقصان نہ بھی دے تو آنے والے دنوں میں كئی دیگر امراض كا سبب ضرور بن سكتا ہے، جوڑوں كے درد، ہائی بلڈ پریشراور شوگر كے مریض گوشت كم كھائیں۔ یورک ایسڈ كی زیادتی اور گردوں كے مریض گوشت كا استعمال اپنے معالج كے مشورے پر ہی كریں خصوصاً دل كے مریض چربی والا گوشت، گردے، مغز، سری، پائے اور كلیجی وغیرہ استعمال نہ كریں كیونكہ چربی لیسٹرول كی شكل اختیار كر لیتی ہے جو ان کے لئے نقصان دہ ہیں۔ماہرین کے مطابق گائے كے گوشت میں كولیسٹرول بكرے كے گوشت كی نسبت زیادہ ہوتا ہے جبكہ اونٹ كے گوشت میں كولیسٹرول بہت كم ہوتا ہے۔ گوشت كھانے كے فورا بعد ٹھنڈاپانی یا كولڈ ڈرنكس پینے سے دل كی امراض اور دیگر تكالیف پیدا ہو سكتی ہیں لہذا گوشت كھانے كے فورا بعدایسے مشروبات پینے سے اجتناب كیا جائے۔ماہرین کا کہنا ہے کہ عید قربان کے موقع پر گوشت كے پكوانوں میں زیادہ مرچوں کا استعمال نہ کریں۔ گوشت كے ہمراہ سلاد خصوصاً پودینہ لیموں اوردہی كا استعمال ضرور كریں، دہی كو رائتے كی شكل میں یعنی تھوڑا سا نمک اور سفید زیرہ ملا كر استعمال كریں جب کہ ہرا دھنیہ ضرور استعمال کریں ، ابلا ہوا یا بھاپ میں تیاركیا ہواگوشت بھنے ہوئے گوشت سے بہت بہتر ہے۔