جھنگ (یواین پی)پاکستان کسان ویلفیئرکونسل نے گندم کی کاشت متاثر ہونے سے بچانے کیلئے لوئر چناب کینال سسٹم میں فوری طور پر مطلوبہ پانی چھوڑنے کامطالبہ کیا ہے اورکہاہے کہ اگر محکمہ انہار کی جانب سے ایل سی سی سسٹم میں پانی کی کمی دور نہ کی گئی توفیصل آباد زون میں گندم کی کاشت کا مقررہ ہدف حاصل نہ ہوسکے گا جس سے پیداواری اہداف بھی متاثر ہونے کا شدید خدشہ ہے۔ کونسل کے چیئرمین چوہدری عبداللطیف سہو نے منگل کے روز میڈیاسے بات چیت کے دوران بتایاکہ لوئر چناب کینال سسٹم میں اس وقت 10ہزار 500کیوسک پانی چھوڑا جارہاہے جبکہ گندم کی فصل کی کاشت کیلئے فوری طورپر 11ہزار 500کیوسک پانی کی ضرورت ہے لہٰذا ایک ہزار کیوسک پانی کی کمی کو دور کرنے کیلئے اقدامات یقینی بنائے جائیں۔ انہوں نے کہاکہ ایک طرف صوبہ میں زرعی پیداوار میں اضافہ کیلئے کئی منصوبوں پرغور کیا جارہاہے مگر دوسری جانب ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھنے والے شعبہ زراعت کی متعلقہ ضروریات پوری نہ کی جارہی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ مہنگی آبپاشی اور مہنگے زرعی مداخل نے پہلے ہی کسانوں و کاشتکاروں کیلئے بے شمار مسائل پیدا کررکھے ہیں جبکہ پانی کی کمی اس میں مزید اضافہ کاباعث ہو گی۔ انہوں نے خادم اعلیٰ پنجاب سے صورتحال کافوری نوٹس لینے کی بھی اپیل کی ہے