پاکستان کا شکرگڑھ میں اپنے شہری کی بھارتی فورسزکی فائرنگ سے شہادت کے واقعہ پر بھارت سے سخت احتجاج

Published on October 30, 2014 by    ·(TOTAL VIEWS 323)      No Comments

33
اسلام آباد ۔۔۔پاکستان نے غلطی سے سرحد پار کر جانے والے شہری توقیر ولد شبیر کو بھارتی سیکورٹی فورسز کی طرف سے فائرنگ کر کے شہید کرنے پر بھارت سے احتجاج کیا ہے۔ بدھ کو بھارتی قائم مقام ہائی کمشنر کو دفتر خارجہ طلب کر کے اس واقعہ پر سخت احتجاج کیا گیا۔ توقیر جو نارووال شکر گڑھ میں کھیتوں میں دیگر دو افراد کے ہمراہ گھاس کاٹ رہے تھے، غلطی سے بین الاقوامی سرحد پار کر گئے جن پر بھارتی بارڈر سیکورٹی فورسز نے کسی وارننگ کے بغیر فائرنگ کر دی جس سے توقیر شدید زخمی ہو گیا جبکہ دیگر دونوں افراد فوراً واپس آ گئے۔ پاکستان رینجرز نے زخمی شہری کی بازیابی کیلئے کمپنی کمانڈر سطح پر رابطہ کیا تاہم بی ایس ایف نے انکار کیا اور اسے باڑ کے پار لے گئے۔ بعد ازاں وہ بی ایس ایف کی تحویل میں جاں بحق ہو گیا۔ حکومت پاکستان نے بی ایس ایف کی کارروائی کی مذمت کی ہے جو بارڈر گراؤنڈ رولز کی خلاف ورزی ہے۔ پاکستان نے اس واقعہ پر احتجاج کرتے ہوئے بھارت پر زور دیا ہے کہ وہ شہریوں کی زندگیوں کا احترام کرے اور اندھا دھند فائرنگ سے باز رہے جس سے قیمتی جانیں ضائع ہوئی ہیں۔ گزشتہ روز لائن آف کنٹرول کے نزدیک راولاکوٹ میں بھارتی فوج کی فائرنگ سے ایک اور پا کستانی شہری محمد دین ولد سلطان جاں بحق ہوا۔ حکومت پاکستان نے سوگوار خاندان سے گہری تعزیت کا اظہار کیا ہے۔

Readers Comments (0)




WordPress主题

WordPress Blog