سمندری طوفان نیلوفر کا زورختم ہوگیالیکن شدید بارشیں ہوسکتی ہیں ،محکمہ موسمیات
Published on November 1, 2014 by admin ·(TOTAL VIEWS 309) No Comments
کراچی۔۔۔محکمہ موسمیات نے کہاہے کہ اگرچہ سمندری طوفان نیلوفر کا زورختم ہوگیا ہے، تاہم اس کے باوجود اس کے اندر اس قدر طاقت موجود ہے کہ اس کے سبب سندھ کے زیریں علاقے اور لسبیلہ کی ساحلی پٹی میں طوفانی ہواؤں کے ساتھ شدید بارشیں ہوسکتی ہیں۔محکمہ موسمیات کے مطابق بحیرہ عرب میں خطرناک سمندری طوفان نیلوفر تیزی سے کمزور پڑتے ہوئے ایک کم شدت کے طوفان میں تبدیل ہوگیا ہے۔اب اس طوفان کارخ اس وقت ہندوستانی ساحل کی طرف ہے تاہم اس کے اثرات پاکستانی ساحلوں پر بھی نظر آئیں گے۔محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی سمیت پاکستان کے ساحلوں پر منڈلاتا سمندری طوفان کا خطرہ تو ٹل گیا ہے، لیکن بارش اور تیز ہواؤں کا امکان اب بھی برقرار ہے۔دوسری جانب طوفان کا خطرہ ٹلنے کی اطلاعات ملتے ہی کراچی کے شہری بڑی تعداد میں ساحلِ سمندر پر جاپہنچے۔چونکہ حکومت نے اسکولوں کی چھٹی کا اعلان بھی کردیا تھا، اس لیے بچے بھی اپنے والدین کے ہمراہ ساحل پر سمندر کی بپھرتی لہروں کو دیکھنے جاپہنچنے۔طوفان نیلوفر کراچی کے ساحل سے 250 کلومیٹر کے فاصلے سے گزرتے ہوئے انڈین ریاست گجرات کی جانب بڑھ رہا ہے۔تاہم طوفان کے اثرات سے بچنے کے لیے سندھ کے پانچ اضلاع کراچی، ٹھٹھہ، مٹھی، سجاول اور بدین میں اب بھی ریڈ الرٹ برقرار ہے، سرکاری عملے کی چھٹیاں منسوخ ہیں اور ان اضلاع میں اسکولوں میں جمعہ کوتعطیل تھی ۔دوسری جانب گڈانی اورگوادرمیں طوفان کا خطرہ ٹلنے کے باوجود سمندر کی لہروں بپھری ہوئی ہیں۔محکمہ موسمیات کے ایک سینئر عہدے دار کا کہنا تھا کہ ساحلی شہروں اور قصبوں میں سمندری طوفان کا اب سنگین خطرہ باقی نہیں رہا، لیکن سندھ میں کراچی، سجاول، بدین اور ٹھٹھہ اور بلوچستان میں لسبیلہ شہر میں شدید بارش کے مضبوط امکانات موجود ہیں۔اسی دوران حکومتِ سندھ نے دعوی کیا ہے کہ وہ طوفان سے پیدا ہونے والے تمام خطرات سے نمٹنے کے لیے تیار ہے۔
:اسی سے منسلک خبریں جو آپ پڑھنا چاہیں گے
Post Views: 96
Related