حضرت امام حسینؑ کی جدوجہد ہمیں ہر آمر اور ناانصافی و ظلم کے نظام کیخلاف سینہ سپر ہونے کا درس دیتی ہے ‘ ہمیں خود کو اور قوم کے ہر فرد کو حق وسچ کی راہ میں قربانی کے لیے تیار کرنا ہے ‘ پاکستانی قوم نے حق وسچ کی راہ پرثابت قدم رہ کر نہ صرف امت مسلمہ بلکہ اقوام عالم میں اپنا مقام بلند کیا، وزیراعظم محمد نواز شریف کا یوم عاشورکے موقع پر پیغام
اسلام آباد (یو این پی) وزیراعظم محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ حضرت امام حسینؑ کی جدوجہد ہمیں ہر آمر اور ناانصافی و ظلم کے نظام کیخلاف سینہ سپر ہونے کا درس دیتی ہے ‘اسی جذبہ کے ساتھ حق وسچ کی راہ میں قربانی کے لیے ہمیں خود کو اور قوم کے ہر فرد کو تیار کرنا ہے تاکہ بحیثیت قوم ہم اپنی حقیقی منزل کی طرف ثابت قدم رہیں‘مجھے فخر ہے کہ حال ہی میں پاکستانی قوم نے حق وسچ کی راہ پرثابت قدم رہ کر نہ صرف امت مسلمہ بلکہ اقوام عالم میں اپنا مقام بلند کیا ہے۔ یوم عاشورہ کے موقع پر اپنے پیغام میں وزیراعظم محمد نوازشریف نے کہا کہ میری ہر پاکستانی سے اپیل ہے کہ محرم الحرام اور باالخصوص یوم عاشور پر امن وامان قائم رکھنے کے لیے اپنا قومی فرض اداکرتے ہوئے قیام امن کیلئے حکومت کا ساتھ دیں ، میری تمام قانون نافذ کرنے والے اداروں کو بھی ہدایت ہے کہ عوام کے جانوں مال کے تحفظ کو ہر صورت میں ممکن بنایا جائے۔وزیراعظم نے کہا کہ ہمیں فخر ہے کہ ہم سب مسلمان ہیں۔ہم سب ایک ہیں اور سب حضرت امام حسینؓکے پیروکار ہیں، ہمیں واقعہ کربلا میں دی جانیوالی قربانی پر فخر ہے۔واقعہ کربلا امت مسلمہ کو حق وسچ کا ساتھ دینے کے لیے بڑی سے بڑی قربانی دینے کا درس دیتا ہے اور اسی جذبہ کے ساتھ حق وسچ کی راہ میں قربانی کے لیے ہمیں خود کو اور قوم کے ہر فرد کو تیار کرنا ہے تاکہ بحیثیت قوم ہم اپنی حقیقی منزل کی طرف ثابت قدم رہیں۔وزیراعظم نے کہاکہ مجھے فخر ہے کہ حال ہی میں پاکستانی قوم نے حق وسچ کی راہ پرثابت قدم رہ کر نہ صرف امت مسلمہ بلکہ اقوام عالم میں اپنا مقام بلند کیا ہے۔حضرت امام حسینؓ کی قربانی ہمیں اس بات کا درس دیتی ہے کہ جمہوریت کی بقاء صرف حضرت امام حسینؓ کے راستہ پر چل کر ہی ممکن ہے۔حضرت امام حسینؓ کی جدو جہد ہر آمر کیخلاف جدوجہد ، ظلم کے نظام کیخلاف ڈٹ جانے اور چور دروازے سے اقتدار کے راستوں کو تالہ لگانے کا درس دیتی ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ یوم عاشور پر ہمیں شاعر مشرق کے ان اشعار کو اپنے لیے مشعل راہ بنانا ہوگا۔
ایک ہوں مسلم حرم کی پاسبانی کے لیے
نیل کے ساحل سے لے کر تابخاک کاشغر
حرم پاک بھی ، اللہ بھی ، قرآن بھی ایک
کچھ بڑی بات تھی ہوتے جو مسلمان بھی ایک