عمران خان عوام میں مذاق بنتے جارہے ہیں ان کی مقبولیت میں کمی واقع ہورہی ہے عابد شیر علی

Published on November 7, 2014 by    ·(TOTAL VIEWS 303)      No Comments

index
اسلام آباد(یواین پی)پانی و بجلی کے وفاقی وزیر مملکت چوہدری عابد شیر علی نے کہا ہے کہ عمران خان کی ضد اور ہٹ دھرمی ملک و قوم کو لے ڈوبے گی،قومی اداروں کو بدنام کرنے اور سرکاری افسران کو ہراساں کرنے کا سلسلہ بند کیا جائے،تحریک انصاف کی قیادت اگر بامعنی اور بامقصد مذاکرات کرنا چاہتی ہے تو ہم تیار ہیں،کھڑکی توڑ مذاکرات ملک و قوم کے مفاد میں نہیں ہیں،عوامی مسائل حل کرکے دم لیں گے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز جاری کردہ اپنے ایک بیان میں کیا،انہوں نے کہا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں خاطر خواہ کمی کرکے وزیراعظم نواز شریف نے عوام کو ریلیف دینے کا ایک اور وعدہ نبھایا ہے،اگر قادری کا دھرنا ختم ہونے پر عوام کو اتنا ریلیف مل سکتا ہے تو عمران کا دھرنا ختم ہونے پرشاید دوگنا ریلیف ملتا،دھرنے ملکی معیشیت کیلئے زہر قاتل بن چکے ہیں، انہوں نے کہا کہ عمران خیبر پختونخواہ کے عوام کو ریلیف دینے پر توجہ دیں،جہاں امن و امان کی ناقص صورتحال کی وجہ سے چار سو کارخانے بند ہوگئے ہیں،دریں اثناء صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے ایک سوال کے جواب میں چوہدری عابد شیر علی نے کہا کہ عمران خان نے یہ تو کہہ دیا ہے کہ پٹرول کی قیمتیں دھرنوں کی وجہ سے کم ہوئی ہیں لیکن یہ نہیں بتایا کہ کیا دھرنے کس عالمی منڈی سے منسلک تھے؟۔اس سے پہلے ڈالر کی قیمت کم اور روپے کی قیمت مستحکم ہوئی تھی،دھرنوں کے بعد ڈالر کی قیمت بڑھی ہے اور روپے کی قیمت کم ہوئی ہے عمران خان کو اس کا بھی کریڈٹ لینا چاہیئے،وہ یہ بھی بتادیں کہ سونے کی بھی قیمت کم ہوئی ہے کیا وہ بھی دھرنوں کا شاخسانہ ہے،چوہدری عابد شیر علی نے کہا کہ عمران خان عوام میں مذاق بنتے جارہے ہیں اور ان کی عوامی مقبولیت میں بے انتہا کمی واقع ہورہی ہے،بڑھکوں کے باعث پنجاب کے عوام انہیں سیاست کا الیاس کشمیری قرار دے رہے ہیں،عمران خان کو چاہیئے کہ وہ بیرونی ایجنڈے کو پھاڑ پھینکیں،عوام نے جس مقصد کیلئے ووٹ دیکر انہیں اور ان کے ممبران کو اسمبلیوں میں بھیجا ہے وہ اس مقصد سے انحراف نہ کریں بلکہ اسمبلی میں آکراور عوام کے مفاد میں ملکی ایجنڈے پر بات کریں ،انتخابی اصلاحات میں صرف ان کا ہی نہیں بلکہ سب سے زیادہ فائدہ مسلم لیگ (ن) کو ہوگا اسلیئے ہمارے دروازے چوبیس گھنٹے مذاکرات کیلئے کھلے ہیں اور کھلے رہیں گے۔

Readers Comments (0)




WordPress Themes

Premium WordPress Themes