راجن پور (خرم شہزاد بُھٹہ ) صحت مند معاشرے کے قیام اور بچوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے کم عمری کی شادیوں کی روک تھام ہم سب کی بنیادی ذمہ داری ہے سیاسی ورکرز کو اپنے منتخب اراکین اسمبلی کے ساتھ ملکر کم عمریوں کی شادیوں کی روک تھام کے لیے نیا قانون منظور کرانا ہوگا ۔ سیاسی ورکرز قوم کا سرمایا ہیں جو بچوں کے حقوق کے تحفظ اور تبدیلی کے لیے اپنا کردار ادا کر رہے ہیں ان خیالات کا اظہار پلان پاکستان کپیسٹی بلڈنگ کوارڈینیٹر سلطان تنولی نے مقامی ہوٹل میں سماجی تنظیم راہنما فیملی پلاننگ ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام یونین کونسل ونگ کے سیاسی کارکنوں کے ساتھ خصوصی میٹنگ میں خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر پلان پاکستان کے محمد اسحاق ، عامر شہزاد اور سماجی تنظیم کے مقامی ٹیم لیڈر وقاص احمد بھی موجود تھے ۔ میٹنگ میں سیاسی کارکنان نے بھی اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ کم عمریوں کی شادیاں لمحہ فکریہ ہیں بچوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے وہ فرسودہ رسومات کی روک تھام کے لیے اپنا سیاسی اثر رسوخ استعمال کریں گے ۔