حسن ابدال(یواین پی)خواتین صلاحیتوں میں کسی صورت مردوں سے کم نہیں ہیں۔ہر میدان میں سامنے آ کر ملک کا نام روشن کرنا چاہیے۔خوائش ہے خواتین کے لیے کچھ یاد گار چھوڑ جاوں۔ان خیالات کا اظہار اسسٹنٹ کمشنر حسن ابدال فریحہ تحسین نے انجمن فلاح و بہبود کے زیر انتظام فاطمہ جناح دستکاری سکول میں ہونے والے مقابلہ تقاریر کے موقع مہمان خصوصی کی حیثیت سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر سوشل ویلفئیر آفیسر حسن ابدال جمیل الرحمن۔چیئرمین سوسائٹی ملک خورشید اعوان۔صدر نزاکت حسین شاہ اور دیگر معززین شہر اور خواتین کی ایک بڑی تعداد موجود تھی۔اسسٹنٹ کمشنر فریحہ تحسین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج دنیا بھر میں خواتین مردوں کے شانہ بشانہ کام کر رہی ہیں۔ہر شعبہ زندگی میں خواتین کے آنے سے ثابت ہو گیا ہے کہ وہ صلاحیتوں میں کسی سے کم نہیں ہیں ۔انہوں نے کہا کہ خواتین کو سہولیات کی فراہمی سے ان کی صلاحیتوں کو مذید نکھارا جا سکتا ہے۔دستکاری سکول خواتین کو معاشی طور پر مضبوط کرنے میں کردار ادا کر سکتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ میری خوائش ہے کہ اپنی تعیناتی کے دوران حسن ابدال میں خواتین کے لیے کچھ ایسا کام کر جاوں جو یادگار ہو ۔اس موقع پر تقریری مقابلے میں سیدہ مہک زہرہ نے اول جبکہ ثناء گیلانی اور مشعل نے دوسری پوزیشن حاصل کی جنھیں خصوصی انعامات دیے گئے جبکہ چیئرمین سوسائٹی ملک خورشید اعوان کی جانب سے مہمان خصوصی اسسٹنٹ کمشنر فریحہ تحسین کو بھی خصوصی گفٹ پیش کیا گیا۔