فیصل آباد(یو این پی) ستارہ امتیاز اور پرائیڈ آف پرفارمنس کا ایوارڈ حاصل کرنے والے اور فلم انڈسٹری کے چاکلیٹ ہیرو وحید مرادکی 31ویں برسی آج (اتوار کو) ملک بھر میں عقیدت و احترام سے منائی جائے گی۔ اس موقع پر وحید مراد لورز فیڈریشن فیصل آباد سمیت وحید مراد کے پرستاروں اور مداحوں کی جانب سے فیصل آبادسمیت مختلف شہروں میں خصوصی تعزیتی تقریبات کا انعقاد کیا جائیگا جن میں مرحوم کی بیوہ سلمیٰ وحید مراد اور بیٹے عامر مراد سمیت ان کے پرستاروں کی بڑی تعداد شرکت کرے گی۔ اس موقع پر مرحوم کے ایصال ثواب کیلئے قرآن خوانی ، فاتحہ خوانی اور دیگر تقریبات کا بھی اہتمام کیا جائیگا جبکہ مختلف نگار خانوں میں منعقدہ تقریبات میں وحید مراد کی پاکستان کی فلم انڈسٹری کیلئے خدمات کو خراج عقیدت بھی پیش کیا جائے گا۔ اولاد ، انسان بدلتا ہے، جب سے تمہیں دیکھا ہے ، بہارو پھول برساؤ، مستانہ ماہی،ناگ منی، ثریا بھوپالی، دیو ربھابھی، انجمن ، سالگرہ ، ارمان، ہیرا اور پتھر، عندلیب، مستانہ ، ہیرو،دل میرا دھڑکن تیری سمیت170سے زائد فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھانے اور زیبا ، دیبا، رانی،صاعقہ، ریشم و دیگر مقبول ترین ہیروئنوں کے ساتھ تمام فلموں کو باکس آفس پر کامیاب بنانے والے اداکار وحید مراد 2اکتوبر 1938ء کو کراچی میں معروف فلم ڈسٹری بیوٹر نثار مراد کے گھر پیدا ہوئے۔ پاکستان فلم انڈسٹری کے سٹائلش ہیرو کے طور پر پہچانے جانے والے اداکار وحید مراد نے ایس ایم یوسف کی فلم اولاد سے اپنے فنی سفر کا آغاز کیااور بہت جلد کروڑوں لوگوں کے دلوں پر حکمرانی کرنے لگے ۔ انکا ہیئر سٹائل نوجوانوں میں بے پناہ مقبول ہوا۔ برصغیر میں دلیپ کمار کے بعد وحید مراد واحد فلمی ہیرو تھے جن کے ہیئر سٹائل کو سب سے زیادہ نوجوان نسل نے کاپی کیا ۔ انہوں نے بطور فلم مصنف اور فلم ساز بھی اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا۔ وحید مراد کی آخری فلم ہیرو تھی۔ وحید مراد 23نومبر 1983ء کو 45برس کی عمر میں اچانک دل کا دورہ پڑنے سے انتقال پا گئے ۔ وحید مراد لورز فیڈریشن فیصل آباد کے ترجمان نے یواین پی کو بتایاکہ مرحوم کی برسی پر خصوصی تقریبات منعقد کرنے کے علاوہ ان کی تصاویر کے آگے پھول بھی رکھے جائیں گے اور بھر پور عقیدت و محبت کا اظہار بھی کیا جائیگا۔آج اس موقع پر الیکٹرانک میڈیا پر خصوصی پروگرامز نشر اور پرنٹ میڈیا بھی خاص مضامین کی اشاعتوں کا اہتمام کرے گا۔