کسووال (یواین پی)کسان خواتین سوسائٹی پاکستان کی صدر عقیلہ ناز نے کہا ہے کہ کھیت مزدور خواتین کو درپیش مسائل حل کرانا اور ان کے بنیادی حقوق وترقی کے لیے جہدوجہد کرنا ہمارابنیادی مقصد ہے اور اس کے لیے کوشاں ہیں وہ کسووال پریس کلب میں صحافیوں کو بریفنگ دیتے ہوئے اظہار خیال کر رہی تھیں ۔انہوں نے کہا کہ معاشرے میں برابری کی بنیاد پر دیہی کسان مزارعہ کھیت مزدور کو انصاف کی فراہمی ،معاشی برابری اور کھیت مزدور خواتین کے انسانی وقار کو بلند کرنا ہے ہمارا منشور ہے اور اس کے لیے گذشتہ 6 سال سے پنجاب کے مختلف اضلاع میں کھیت مزدور خواتین کے حقوق اور ان میں شعور و آگاہی کے حصول کے لیے باہمی رابطوں کو مضبوط بنا رہے ہیں ۔سماج کی بہتری اور مظلوم و محکوم طبقوں کے مسائل کو اجاگر کرنے کے لیے میڈیا کا انتہائی اہم رول ہے صحافی برادری کھیت مزدور خواتین کے مسائل و حقوق کو اجاگر کرنے میں اپنا بنیادی رول ادا کریں انہوں نے مزید کہا کہ خواتین کو وراثتی آلاٹمنٹ کے حوالے سے بہت سے مسائل کا سامنا ہے زرعی زمینوں کی آلاٹمنٹ میں خواتین کو برابر کا حصہ دیا جائے انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کھیتوں میں کام کرنے والی عورتوں کے کام کو ہمارے معاشرے میں کام ہی شمار نہیں کیا جاتا اس لیے ہم کہتے ہیں کہ کھیتوں میں کام کرنے والی خواتین کی رجسٹریشن کی جائے تا کہ زرعی پالیسی بناتے وقت کھیت مزدور خواتین کو شامل کیا جا سکے ۔اس موقع پر چیئرمین کسان خواتین سوسائٹی ڈاکٹر کرسٹوفرجان ،اسسٹنٹ کوآریڈنیٹر ساہیوال ندیم اختر اور انفارمیشن سیکرٹری شہزادہ جیکس بھی ان کے ہمراہ تھے ۔