لندن۔۔۔متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے سکھر کے علاقے کھوسہ گوٹھ میں جمعیت علمائے اسلام (ف) سندھ کے سیکرٹری جنرل خالد محمود سومرو کے قتل کی سخت مذمت کی ہے اور واقعہ کو سندھ کے حالات خراب کرنے کی سازش قرار دیا ہے۔ ہفتہ کو یہاں جاری کردہ اپنے بیان میں انہوں نے خالد محمود سومرو کے تمام سوگوار لواحقین، جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن اور جے یو آئی کی قیادت سے تعزیت و ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے انہیں صبر کی تلقین کی اور کہا کہ دکھ اور افسوس کی اس گھڑی میں ایم کیو ایم ان کے ساتھ ہے۔ الطاف حسین نے دعا کی کہ رب کریم خالد محمود سومرو کو اپنے جوار رحمت میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور سوگوار لواحقین کو صبر جمیل عطا کرے۔ الطا ف حسین نے مطالبہ کیا کہ خالد محمود سومرو کے قتل کا سنجیدگی سے نوٹس لیا جائے اور قتل کی واردات میں ملوث دہشت گردوں کو گرفتار کیا جائے۔