سکھر۔۔۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین سابق صدر آصف علی زرداری نے جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سندھ کے جنرل سیکریٹری ڈاکٹر خالد محمود سومرو کے قتل کی مذمت کی ہے۔ سکھر میں پی پی پی کے چیئرمین میڈیا سیل کوآرڈینیٹر کے اعلامیہ کے مطابق اپنے تعزیتی بیان میں سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ خالد محمود سومرو کے قتل کے واقعہ پر انتہائی دکھ پہنچا ہے۔ انہوں نے کہا کہ خالد محمود سومرو سندھ کے ایک سینئر اور محترم سیاستدان تھے، خالد محمود سومرو کی وفات نہ صرف ان کی پارٹی کے لئے بلکہ ملک کی جمہوریت پسند قوتوں کے لئے ایک صدمہ ہے۔ انہوں نے اللہ تعالیٰ سے مرحوم خالد محمود سومرو کی روح کے ایصالِ ثواب کے لئے دعا کی اور غمزدہ خاندان سے تعزیت کا اظہار کیا۔