جہلم (یو این پی) پنجاب بھر کی طرح ضلع جہلم میں بھی 3روزہ انسداد پولیو مہم آج پیر 8دسمبر سے شروع ہو گی۔3 روزہ انسداد پولیو مہم کے دوران ضلع بھر کے تمام چھوٹے بڑے شہروں ،قصبوں ،دیہات ،ڈیروں اور خانہ بدوشوں کی جھگیوں سمیت ریلوے اسٹیشنوں ،بس اڈوں اور سکولوں میں بھی جا کر محکمہ صحت کی ٹیمیں 5سال تک کے بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائیں گی۔ڈی سی او جہلم ذوالفقار احمد گھمن نے متعلقہ ذمہ داران کو سختی سے ہدایت کی ہے کہ انسداد پولیو مہم کو ہر ممکن کامیاب بنایا جائے اور ضلع بھر میں 5سال تک کی عمر کا کوئی بچہ بھی پولیو کے قطرے پینے سے ہر گز محروم نہ رہے ۔ انہوں نے کہا کہ قطرے پلانے والی ٹیمیوں کو مکمل تحفظ فراہم کیا جائے گا۔ای ڈی او ہیلتھ جہلم ڈاکٹر آصف علی کے مطابق 3روزہ انسداد پولیو مہم کے دوران ضلع جہلم میں 5سال تک کی عمر کے ایک لاکھ 66ہزار سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے،قطرے پلانے کے لئے 355موبائیل ٹیمیں،166فکسڈ اور 22ٹرانزٹ ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔