شیدے ٹلی کا پلان ای’’اینٹ کا گھر مٹی کردینا،،کے مصداق ایکسپورٹ پلان ہوگا
اسلام آباد( یواین پی) وفاقی وزیر مملکت پانی و بجلی چوہدری عابد شیر علی نے کہا ہے کہ ’’عمران نیازی،،کا پلان سی( کردار کشی )اور ڈی(ڈیڈ باڈی )پلان گڈ مڈ ہوچکا ہے،’’شیدے ٹلی،،کا پلان ای’’اینٹ کا گھر مٹی کردینا،،کے مصداق ایکسپورٹ پلان ہوگا۔گزشتہ روز جاری کردہ اپنے ایک بیان میں چوہدری عابد شیر علی نے کہا کہ وزیراعظم نواز شریف اور ان کی محنتی ٹیم دن رات کی پرواہ کیئے بغیر ملکی تعمیرو ترقی اور عوامی فلاح و بہبود کیلئے کام کررہی ہے،ایک طرف ملک میں سماجی و اقتصادی ترقی، توانائی کے حصول کیلئے منصوبے،اپناروزگار اور کاروبار کے نئے مواقع ،طلباء کیلئے مفت تعلیم اور مفت لیپ ٹاپ کی فراہمی،انٹرن شپ پروگرام،ہسپتالوں میں مفت ادویات کی فراہمی،تجارت کیلئے پرکشش سہولتیں،نوجوانوں کو بلا سود قرض کی فراہمی،کچی آبادیوں کے مکینوں کو مالکانہ حقوق ،اپنا گھر سکیم،سڑکوں اور موٹر وے کے جال بچھائے جارہے ہیں تو دوسری طرف پارلیمنٹ اور پی ٹی وی ہیڈکوارٹر پر حملے کرنے اور ملک کو بند کرنے والے،مزدوروں اور محنت کشوں کی روزی روٹی کے دشمن لوگ ہیں جو نوجوان نسل کو تشدد کی راہ دکھاکر تاجر برادری پر بھی حملے کروارہے ہیں،انہوں نے کہا کہ پلان سی کردار کشی کا پلان ہے جو حق سچ کی آواز بلند کرنے اور غلط کو غلط کہنے والوں کیخلاف بنایا گیا ہے،فیصل آباد میں مجھ سمیت رانا ثناء اللہ پر قتل کا بے بنیاد اور جھوٹا مقدمہ اسی سلسلے کی کڑی ہے ،یہ لوگ ادھار کھائے بیٹھے ہیں اورباہر سے غنڈے لاکر لاہور اور کراچی میں بھی ایسی ہی تاریخ دہرانے کی کوشش کریں گے،کوئی ان سے پوچھے کہ جس ماں کا بیٹا اور جس بہن کا بھائی قتل ہوتا ہے آخر اس پر کیا گزرتی ہے؟۔ چوہدری عابد شیر علی نے کہا کہ میں نواز شریف کا سپاہی اورچوہدری شیر علی کا بیٹا ہوں دل تو کرتا ہے کہ منسٹری چھوڑ کر پاکستان کیخلاف سازشیں کرنے والوں کو ’’اٹھتے جوتی اور بیٹھتے لات ماروں ،،لیکن کیا کروں ؟ ۔مجھے میری تربیت ،بزرگ اور قیادت اس بات کی اجازت نہیں دیتے اور نہ ہی عوام کو تنہا چھوڑ سکتا ہوں،انہوں نے عمران خان اور شیخ رشید کے بارے میں کہا کہ اپنے سائے سے بھی وحشت کھانے والے کسی کا ساتھ کیا دیں گے، ان لوگوں کو صرف اتنا ہی کہوں گا کہ’’ اپنی پگڑی اپنے ہاتھ ہے،، گندی اور غلیظ حرکتیں باالخصوص ملک و قوم کیخلاف سازشیں کرنا چھوڑدو وگرنہ یہ نہ ہو کہ کل اپنا ہی سر پیٹتے نظر آؤکیونکہ’’ جو بوؤگے وہی کاٹو گے،،۔