ٹیکسلا(ڈاکٹر سید صابر علی / یو این پی)پاکستان تحریک انصاف کے رکن صوبائی اسمبلی محمد صدیق خان نے کہا ہے کہ آمریت کی پیداوار حکومت عوام کے بنیادی حقوق غصب کر رہی ہے ،ریاستی اداروں کی سر پرستی میں خون کی ہولی کھیلی جارہی ہے ،سانحہ فیصل آباد میں عابد شیر علی ، رانا ثناء اللہ سمیت مقامی انتظامیہ ملوث ہے ،حکمران طبقہ کی غنڈہ گردی ظلم و بر بریت کی بھر پور مذمت کرتے ہیں ،گلو بٹ کریسی کا قلع قمع کر کے دم لیں گے ،غاصب حکمرانوں کے چل چلاؤ کا وقت قریب ہے ،عمران خان کی قیادت میں کارکنان آئینی اور قانونی جدو جہد جاری رکھیں گے ،حکمرانوں کے اوچھے ہتھکنڈے کارکنان کے حوصلے پست نہیں کر سکتے ،قیادت کی ہر کال پر لبیک کہیں گے ،ان خیالات کا اظہار انہوں نے پی ٹی آئی ٹیکسلا سٹی کے زیر اہتمام صدر حاجی زاہد رفیق کی رہائش گاہ پر پر ہجوم پریس کانفرنس کے دوران کیا ،محمد صدیق خان نے کہا ہے کہ حکمران کسی غلط فہمی میں نہ رہیں پی ٹی آئی بھر پور سٹریٹ پاور رکھتی ہے کارکنان کا جنون کرپٹ حکمرانوں کو لے ڈوبے گا ان کا کہنا تھا کہ بد قسمتی سے قیام پاکستان کے اصل مقاصد ہم آج تک حاصل نہیں کر سکے جب تک ملک کے تما م شہریوں کو بلاتفریق انکے بنیادی حقوق نہیں ملتے فلاحی ریاست کا نعرہ بے معنی ثابت ہو گا ان کا کہنا تھا کہ فیصل آباد ناولٹی چوک میں نہتے کارکنان پر بہمانہ لاٹھی چارج اور اندھادھند فائرنگ کھلم کھلا ریاستی دہشت گردی کا منہ بولتا ثبوت تھا جسکی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے ،اس موقع پر پی ٹی آئی تحصیل ٹیکسلا کی تنظیمات کی جانب سے متفقہ قرارداد پیش کی گئی جس میں ناولٹی چوک کو حق نواز چوک بنانے کا مطالبہ واقعہ میں ملوث ملزمان کی فوری گرفتاری اور انکو سر عام پھانسی دینے کا مطالبہ ریاستی دہشت گردی کی پر زور مذمت کی گئی ،صدیق خان کا کہنا تھا کہ حکمران حواس باختہ ہو چکے ہیں حکمرانوں کے تمام اندازے غلط ثابت ہو رہے ہیں ،انہوں نے گزشتہ اٹھارہ ماہ میں پنجاب اسمبلی میں ہونے والی قانون سازی کو آئین اور قانون سے ماورا قرار دیتے ہوئے کہا کہ عدالتوں کی جانب سے پنجاب حکومت کی آئین سازی کو آئین سے متصادم قراردیا گیا ،فیصل آباد سانحہ مقامی انتظامیہ اور (ن )لیگ کے سر کردہ زعماء کا پلانٹڈ منصوبہ تھا انہوں نے کہا کہ پولیس آئین اور قانون کی حد میں رہتے ہوئے اپنے فرائض منصبی ادا کرے اس موقع پرٹیکسلا سٹی کے صدر حاجی زاہد رفیق، حاجی ریاض اعوان ،اکرار حیدر ایڈوکیٹ ،مہتاب حسین شاہ ،انجمن تاجران کے صدر شیخ ضیاء الدین ،جنرل سیکرٹری سردار زبیر خان ،نائب صدر ملک افتخار احمد ،راجہ شیراز احمد شیرازی ،رشید احمد ،اشرف خان ،ملک مسعود گجر ،حاجی محبوب ،ملک ربنواز ،ملک مشتاق،لیاقت خان، حاجی رخمت اللہ، عطرت شاہ کے علاوہ کثیر تعداد میں کارکنان موجودتھے ،اس موقع پر کارکنان نے صدیق خان کی قیادت میں پر زور احتجاج کیا انہوں نے سانحہ فیصل آباد پر اپنا احتجاج ریکارڈ کراتے ہوئے بازؤ ں پر کالی پٹیاں باندھ کر مبینہ غنڈہ گردی کے خلاف بھر پور نعرے بازی کی ،کارکنان نے احتجاج کے دوران گو نواز گو کے نعرے لگائے ۔