کراچی (یو ا ین پی)آج رات مالاکنڈ، ہزارہ ڈویڑن ،گلگت بلتستان، کشمیر اور اس سے ملحقہ پہاڑی علاقوں میں چند مقامات پر ہلکی بارش اور پہاڑوں پر ہلکی برفباری کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہے گا، جبکہ ملک کے بالائی علاقوں بالائی پنجاب، بالائی خیبر پختونخواہ، کشمیر اور گلگت بلتستان میں بادل چھائے رہیں گے، ہفتہ کی رات اوراتوار کی صبح مری اور گلیات میں بھی ہلکی برفباری کی توقع ہے۔ہفتہ اور اتوار کے دوران کشمیر، اسلام آباد، راولپنڈی، لاہور، گوجرانوالہ اور ہزارہ ڈویڑن میں کہیں کہیں جبکہ مالاکنڈ، پشاور، کوہاٹ، سرگودھا ڈویڑن اورگلگت بلتستان میں چند مقامات پر بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔آج رات سے اتوار کے دوران سندھ، بلوچستان سمیت ملک کے اکثرمیدانی علاقوں میں سردی کی شدت میں کمی آ جائے گی، آج ملک میں سب سے کم درجہ حرارت قلات میں منفی سات ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ اسکردو، ہنزہ، استور میں درجہ حرارت منفی چھ، کوئٹہ منفی پانچ، گوپس، گلگت، کالام منفی چار، دالبندین اوردیر میں منفی تین ریکارڈ کیا گیا۔