تیونس ۔۔۔ تیونس میں صدارتی الیکشن کا دوسرا اور آخری مرحلہ مکمل ہو گیا ہے۔ صدارتی امیدوار الباجی قائد السیسی نے فتح کااعلان کر دیا ہے جبکہ عبوری صدر منصف مرزوقی نے شکست تسلیم کرنے سے انکار کر دیا ہے۔ پیر کو میڈیا رپورٹس کے مطابق تیونس میں صدارتی الیکشن کے دوسرے مرحلے کے بعد سیکولر خیالات کے حامل امیدوار الباجی قائد السیسی کو ایگزٹ پولز میں 55.5 فیصد ووٹ ملے ہیں جس پر اس نے اپنی کامیابی کا اعلان کر دیا ہے۔ دوسری جانب دوسرے صدارتی امیدوار اور ملک کے عبوری صدر منصف مرزوقی نے کہا ہے کہ الباجی کی جانب سے کامیابی کا دعویٰ غیر جمہوری ہے ابھی نتائج آنے ہیں، حتمی نتائج کا انتظار کیا جائے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق تیونس میں الباجی قائد السیسی کے حامی ملک بھر میں اپنی کامیابی کا جشن منا رہے ہیں۔