کرائسٹ چرچ ۔۔۔ سری لنکن کرکٹ ٹیم کے سٹار وکٹ کیپر بلے باز کمار سنگاکارا کو ٹیسٹ میچوں میں کیریئر کے 12 رنز مکمل کرنے کیلئے مزید 6 رنز درکار ہیں۔ وہ یہ اعزاز حاصل کرنے والے دنیا کے پانچویں بلے باز بن جائیں گے۔ ٹیسٹ تاریخ میں زیادہ رنز بنانے کا عالمی اعزاز سچن ٹنڈولکر کے پاس ہے، انہوں نے 200 میچز کھیل کر 15921 رنز بنا رکھے ہیں۔ سنگاکارا نے 2000ء میں ٹیسٹ کیریئر کا آغاز کیا تھا اور وہ کرائسٹ چرچ میں کیوی ٹیم کے خلاف کیریئر کا 129 واں ٹیسٹ کھیل رہے ہیں، انہوں نے اب تک 58.76 کی اوسط سے 11994 رنز بنا رکھے ہیں جس میں ان کی 37 شاندار سنچریاں اور 51 نصف سنچریاں بھی شامل ہیں۔ انہیں کیریئر کے بارہ ہزار رنز مکمل کرنے کیلئے مزید 6 رنز درکار ہیں اور اس بات کے قوی امکانات ہیں کہ وہ کیوی ٹیم کے خلاف جاری پہلے ٹیسٹ کی دوسری اننگز میں یہ اعزاز حاصل کر لیں گے۔ سنگاکارا پہلی اننگز میں صرف 6 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے تھے۔ سنگاکارا سے قبل ٹنڈولکر، پونٹنگ، کیلس اور راہول ڈریوڈ کو یہ کارنامہ انجام دینے کا اعزاز حاصل ہے۔