مصطفی آباد/للیانی(یواین پی)گزشتہ روز قتل ہونے والے اقبال مسیح کے ورثہ کا میت فیرو زپور روڈ پر رکھ کر احتجاج، اقبال مسیح13روز قبل لاپتہ ہوا تھا اگر پولیس بر وقت کاروائی کرتی تو اقبال قتل نہ ہوتا، ورثہ کا موقف۔ڈی ایس پی سٹی چوہدری حسن فاروق گھمن و انسپکٹر میاں فرید کے مظاہرین سے مذاکرات کے بعد ٹریفک بحال، تفصیلات کے مطابق ٹاؤن کمیٹی مصطفی آباد کے ملازم افتخار عرف کھاری کا بھائی اقبال عرف بالی 16دسمبر کو سرہالی کلاں جاتے ہوئے لاپتہ ہو گیا تھا جس کی لاش گزشتہ روز سرہالی کلاں نہر سے بر آمد ہوئی جس پر ورثہ نے لاش فیروز پور روڈ پر رکھ کر ایس ایچ او تھانہ مصطفی آباد کے خلاف احتجاج شروع کر دیا، مظاہرین نے کہا کہ اگر پولیس تھانہ مصطفی آباد بر وقت کاروائی کرتا تو اقبال قتل نہ ہوتا کیونکہ لاش سے خون رس رہا تھا، جس پر ڈی ایس پی سٹی سرکل چوہدری حسن فاروق گھمن و انسپکٹر میاں فرید نے مظاہرین سے مذاکرات کرکے ٹریفک بحال کر دی، ڈی ایس پی سٹی سرکل چوہدری حسن فاروق گھمن نے کہا کہ میں گرفتار ملزمان کو قصور لے جا رہا ہوں اور آئندہ مقدمہ کی تفتیش میاں فرید کرے گا ، مقدمہ کی تفتیش میرٹ پر کی جائے گی اورقاتلوں کو جلد بے نقاب کرکے کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔