وہاڑی( یواین پی)ڈسٹرکٹ کوارڈینیشن آفیسر وہاڑی جواد اکرم نے کہا ہے کہ بیرونی عناصر کے مکروہ عزائم کو ناکام بنانے کے لیے اتحاد ، بردباری، فرقہ ورانہ ہم آہنگی اور برادشت وقت کی اہم ضرورت ہے یہ بات انہوں نے اپنے کمیٹی روم میں محرم الحرام کے حوالہ سے ضلعی امن کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی اجلاس میں ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر صادق علی ڈوگر ، اے ڈی سی علی عنان قمر ، اسسٹنٹ کمشنر زالطاف ساریو، سیف اللہ ساجد ، عبدالمجید بلوچ ،ڈی ایس پی ہیڈ کوارٹر عبدالجید چشتی ، ڈی ایس پی انویسٹی گیشن مختار جوئیہ ، ایس ڈی پی او بوریوالا آصف بگھیو،علمائے کرام قاضی محمد وہاج ، سید محمد اقبال شاہ ، حافظ ادریس ضیاء ، حافظ ہارون الرشید ، ممبران امن کمیٹی محمد جمیل بھٹی ، ارشاد حسین بھٹی ،میاں ساجد آصف ، سید مشتاق حسین بخار ی ،طاہرعباس گلو،نو ر احمد بھٹی ،محمد اقبال ،عبدالخالق وٹو، حافظ شبیر،ماسٹر ریاض مسیح اور دیگر ممبران شریک تھے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈسٹرکٹ کوارڈینیشن آفیسر جواد اکرم نے کہا کہ اسلام امن و آشتی کا مذہب ہے انہوں نے کہا کہ ہمیں عدم برداشت پر مبنی رویہ کو ختم کر کے مثبت سوچ کو فروغ دینا ہے اور معاشرے میں امن، پیار و محبت کا فروغ اور اپنی آئندہ نسلوں کے لیے ایک محفوظ اور پر امن معاشرہ کی تشکیل ہمارا نصب العین ہونا چاہیے انہوں نے مختلف مکاتب فکر کے علماء کرام سے اپیل کی کہ وہ اس ضلع کے مثالی امن کو برقرار رکھنے کے لیے اپنی خدمات جاری رکھیں اور اختلافی بات کے ذریعے نفاق پیداکرنے والی قوتوں کی حوصلہ شکنی کریں۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر صادق علی ڈوگرنے کہا کہ پولیس قیام امن کے حوالہ سے اپنی ذمہ داریاں پوری کررہی ہے اور محرم الحرام کے حوالہ سے سیکیورٹی پلان ترتیب دیکرہوٹلوں، سراؤں،فورتھ شیڈول میں شامل افراد کی نگرانی کی جار ہی ہے انہوں نے کہا کہ جلوس و مجالس کے منتظمین کی طرف سے از خود حفاظتی اقدامات کے لیے ان کی طرف سے فراہم کردہ رضا کاروں کو پولیس لائین میں باقاعدہ تربیت دی جائیگی اور انہیں خصوصی کارڈز جاری کئے جائینگے۔انہوں نے کہا کہ پولیس کے پاس پانچ سو میٹل ڈیٹکٹر موجود ہیں جہاں ضرورت ہو جلوس یامجالس انتظامیہ کو یہ ڈیٹکٹر فراہم کر دےئے جائینگے ،انہوں نے بتایا کہ مجالس اور جلوسوں کو اے اور بی کیٹیگری میں تقسیم کیا گیا ہے جبکہ ضلع بھر میں 28حساس مقامات ہیں جن میں سے 18انتہائی حسا س مقامات ہیں جن کی خصوصی نگرانی کی جا رہی ہے انہوں نے کہا کہ نیاز تقسیم کرنے اور سبیلیں لگانے والوں کو بھی ایک سرٹیفیکیٹ فراہم کرنا ہوگا اور اس کام کو انتہائی ذمہ داری سے انجام دینا ہو گا تاکہ کسی قسم کا ناخوشگوار واقعہ پیش نہ آئے۔اجلاس میں قاضی محمد وہاج ، حافظ ادریس ضیاء ، مولانا ہارون الرشید، سید مشتاق حسین بخاری ، محمد جمیل بھٹی ، ارشاد حسین بھٹی نے مختلف تجاویز دیتے ہوئے ضلعی انتظامیہ کو محرم الحرام کے دوران امن برقرارررکھنے کے لیے بھر پور تعاون کی یقین دہانی کرائی