اسلام آباد (یو این پی) چینی صدر ژی جن پنگ آئندہ ماہ پاکستان کا دورہ کرینگے اور ژی جن پنگ پاکستان میں چین کے تعاون سے توانائی منصوبوں کا افتتاح بھی کرینگے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ چین کے صدر ژی جن پنگ آئندہ ماہ پاکستان کا دورہ کریں گے۔ چینی صدر کی آمد سے قبل چینی وزیر خارجہ وانگ ژی پاکستان آئیں گے اور چینی صدر کی مصروفیات ، سیکورٹی اور دورے کا شیڈول طے کریں گے۔
وزرات خارجہ کے ذرائع کے مطابق کہ چین کے صدر ڑی جن پنگ پاکستان میں چین کے تعاون سے 40ارب ڈالر کی لاگت سے شروع کیے جانیوالے توانائی کے منصوبوں کا بھی افتتاح کریں گے اور اعلیٰ پاکستانی قیادت کے ساتھ ملاقاتوں میں پاک چین دوطرفہ تعلقات پر بات ہوگی۔ چینی صدر کے دورے کے دوران دفاع ، توانائی ، سرمایہ کاری اور انفرا سٹرکچر کے شعبوں میں تعاون بڑھانے سے متعلق امور پر بات چیت ہوگی۔
واضح رہے کہ چینی صدر نے گزشتہ سال ستمبر میں پاکستان کا دورہ کرنا تھا جس کے دوران دونوں ممالک کے درمیان توانائی کے منصوبوں پر دستخط کیے جانا تھے لیکن تحریک انصاف اور عوامی تحریک کے اسلام آباد ڈی چوک میں دھرنے کی وجہ سے چینی صدر کے سیکورٹی سٹاف نے دورہ پاکستان کو غیرمناسب قرار دیا تھا جس کے بعد چینی صدر کے دورہ کو ملتوی کر دیا گیا تھا۔