اسلام آباد (یو این پی) وزیراعظم کے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے اعلان کے ساتھ ہی سیلز ٹیکس میں اضافے کا نوٹیفکیشن جاری کردیاگیاہے جس کے بعد پٹرولیم مصنوعات پر22فیصد سے بڑھ کر سیلز ٹیکس 27فیصد ہوگیاہے ۔
تفصیلات کے مطابق ایف بی آر کی جانب سے پٹرولیم مصنوعات پرسیلزٹیکس کی شرح میں5 فیصداضافہ کردیاگیاہے جس کے بعد پٹرولیم مصنوعات پر سیلز ٹیکس کی شرح22فیصد سے بڑھ کر 27 فیصد ہوگئی ہے ، سیلز ٹیکس بڑھنے سے عوام کو ملنے والے ریلیف میں کمی آئے گی ۔ نئے ٹیکس کی وصولی یکم فروری یعنی پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے اطلاق کے ساتھ ہی شروع ہوگی ۔
ذرائع نے بتایاکہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کی وجہ سے ریونیو کا بہت نقصان ہورہاہے اس لیے یہ فیصلہ کیاگیاکہ پٹرولیم منصوعات پر سیلز ٹیکس کی شرح میں مزید 5 فیصد تک اضافہ کردیا جائے اور ہونیوالے خسارے کو پوراکرنے کی کوشش کی جائے ۔
یادرہے کہ اس سے قبل بھی پٹرولیم مصنوعات پر پانچ فیصد سیلز ٹیکس میں اضافہ کیا جاچکاہے جس کے بعد یہ ٹیکس 17 فیصد سے بڑھ کر 22 فیصد ہوگیا تھا۔