وزیراعظم محمد نواز شریف کا یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر پیغام

Published on February 5, 2015 by    ·(TOTAL VIEWS 340)      No Comments

02اسلام آباد (یو این پی) وزیراعظم محمد نواز شریف نے اپنی حکومت اور عوام کی طرف سے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کی حق خود ارادیت کیلئے جدوجہد کی غیر متزلزل حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان اقوام متحدہ سلامتی کونسل کی قرار دادوں کی بنیاد پر جموں و کشمیر کے تنازعہ کے منصفانہ اور پرامن انداز میں حل کیلئے پرعزم ہے، مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل سے ہی جنوبی ایشیاء میں پائیدار امن قائم کیا جاسکتا ہے ۔انہوں نے یہ بات یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر اپنے پیغام میں کہی جو (آج) جمعرات کو منایا جارہا ہے ۔وزیراعظم نے کہا کہ اقوام متحدہ کے وعدوں اور بین الاقوامی برادری کی پیہم کوششوں کے باوجود کشمیریوں کو ان کا بنیادی حق دینے سے انکار کیا جارہا ہے۔ حق خودارادیت کے ذریعے اپنے مستقبل کا فیصلہ کشمیریوں کا پیدائشی حق ہے اور اس حق کے حصول کی جدوجہد میں پاکستان کی حکومت اور عوام اپنے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کو غیر متزلزل حمایت جاری رکھیں گے ۔وزیراعظم نے کہا کہ وہ کشمیریوں کے اس بہادرانہ جذبے کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں جو گزشتہ6 دہائیوں سے زیادہ عرصہ سے شدید جابرانہ اقدامات کا سامنا کرنے کے باوجود سرد نہیں پڑا۔ کشمیریوں کے بنیادی انسانی حقوق کی شدید خلاف ورزیوں نے بین الاقوامی برادری کو اس عمل کی مذمت پر مجبور کردیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ بات سب کے علم میں ہے کہ جموں و کشمیر کے بے گناہ عوام بھارتی سیکیورٹی فورسزکے 7 لاکھ سے زائد اہلکاروں کے ہاتھوں انسانی حقوق کی بدترین خلاف ورزیوں کا نشانہ بن رہے ہیں ،لاکھوں کشمیری اپنی جانیں قربان کرچکے ہیں ،ہزاروں لاپتہ کردیئے گئے ہیں اور بھارتی سیکورٹی فورسز کشمیری خواتین کی عصمت دری جاری رکھے ہوئے ہیں۔ وہ خواتین جن کے خاوند قابض افواج نے لاپتہ کردیئے ،کئی عشروں سے بیواؤں کی طرح بدترین اور ناقابل بیان حالات میں زندگی گزارنے پر مجبور ہیں وزیراعظم نے کہا کہ وہ اور پوری پاکستانی قوم مقبوضہ کشمیر کی ہزاروں بیوہ خواتین اور یتیم بچوں کے دکھوں اور مصائب میں برابر کے شریک ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ انہیں مقبوضہ کشمیر میں تقریباً 6 ہزار گمنام اجتماعی قبروں کی دریافت سے شدید صدمہ پہنچا۔ یہ انکشاف پوری عالمی برادری کے لئے شدید تشویش کا باعث ہے ۔ میں کشمیری عوام کو سلام پیش کرتا ہوں جنہیں اس طرح کے جابرانہ ہتھکنڈے اقوام متحدہ کے چارٹر میں درج اپنے قانونی حق حق خودارادیت کی جدوجہد سے روک نہیں سکے۔ وزیراعظم نے مسئلہ کشمیر کے فوری حل پر زور دیتے ہوئے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل ‘ سلامتی کونسل کے ارکان اور بین الاقوامی برادری سے پر زور مطالبہ کیا کہ وہ بے یارو مدد گار کشمیری عوام کے مصائب کے خاتمہ کے لئے اپنا بھرپورکردار ادا کریں ۔انہوں نے اس امر کااعادہ کیا کہ پاکستان اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرار دادوں کی بنیاد پر جموں و کشمیر کے تنازعہ کے منصفانہ اور پرامن انداز میں حل کے لئے پرعزم ہے۔ مجھے پختہ یقین ہے کہ مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل سے ہی جنوبی ایشیاء میں پائیدار امن قائم کیا جاسکتا ہے ۔ وزیراعظم نے اس یقین کا اظہار کیاکہ 7لاکھ بھارتی فوجیوں کے تسلط میں کرائے جانے والے نام نہاد انتخابات آزادانہ اور غیر جانبدارانہ حق خورارادیت کا نعمل البدل ہر گز نہیں ہو سکتے انہوں نے کشمیری عوام کو یقین دلایا کہ پاکستان کے عوام ان کی غیر متزلزل حمایت ہمیشہ جاری رکھیں گے، وزیراعظم نے کہا کہ پاکستانیوں کے دل کشمیری بھائیوں کے ساتھ دھڑکتے ہیں مجھے یقین ہے کہ وہ دن دور نہیں جب کشمیری اپنی منزل حاصل کرلیں گے۔

Readers Comments (0)




Premium WordPress Themes

WordPress Blog