ماسکو (یو این پی) روس اور پولینڈ کی ٹیموں کے درمیان فیڈ کپ میچ 7 فروری سے شروع ہوگا۔ گولڈن گرل اور عالمی نمبر دو ماریا شرا پووا آئندہ ماہ فیڈ کپ ٹینس ٹورنامنٹ میں پولینڈ کے خلاف ابتدائی میچ میں روس کی نمائندگی کریں گی۔ روس اور پولینڈ کی ٹیموں کے درمیان فیڈ کپ میچ 7 سے 8 فروری تک کھیلا جائے گا۔ اولمپک ٹیم مینجر ویلادیمیر کیملزون نے اپنے بیان میں بتایا ہے کہ چار مرتبہ گرینڈ سلام چیمپئن سوتیلانا کزنٹسوا اور انستاسیا پولوچنکووا بھی میچ میں ملک کی نمائندگی کریں گی۔ روس کو چار بار فیڈ کپ ٹائٹل جیتنے کا اعزاز حاصل ہے اور گزشتہ برس اسے ابتدائی راؤنڈ میں آسٹریلیا کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ یاد رہے کہ روس اور پولینڈ کی ٹیمیں پہلی بار فیڈ کپ میں آمنے سامنے ہوں گی۔