بھارت کی محمد عرفان کو کھیلنے کیلئے حکمت عملی تیار ، سٹول پر کھڑے ہو کر باؤلنگ کروائی گئی
بھارتی بلے باز میگا ایونٹ کے اہم معرکے سے قبل ہی پاکستانی باؤلر کے خلاف دباؤ کا شکار نظر آرہے ہیں
سڈنی (یو این پی)پاک بھارت میچ ہونے میں محض 1دن باقی رہ گیا ہے سات فٹ ایک انچ قد والے قومی فاسٹ باؤلر محمد عرفان اپنے قد کی وجہ سے خطرناک باؤلر سمجھے جاتے ہیں اور اس ٹورنامنٹ کے اہم یعنی پاکستان اور بھارت کے درمیان مقابلے میں 1 دن باقی ہے لیکن پاکستان کے طویل القامت باؤلر محمد عرفان کا خوف بھارتی بلے بازوں پر کچھ اس طرح چھایا ہے کہ سڈنی کرکٹ گراؤنڈ میں بھارتی بلے بازوں کو ’’سٹولز‘‘ پر کھڑے ہو کر باؤلنگ کروائی جا رہی ہے،تفصیلات کے مطابق پاک بھارت میچ کا انتظار جہاں دونوں ممالک کے کرکٹ شائقین بے صبری سے کر رہے ہیں وہیں دونوں ممالک کی کرکٹ ٹیمیں بھی بھرپور پریکٹس کر رہی ہیں جبکہ بھارتی بلے باز پریکٹس سیشن کے دوران صرف اور صرف محمد عرفان کا مقابلہ کرنے کی تیاری میں مصروف ہیں۔ سڈنی کرکٹ گراؤنڈ میں بھارتی بلے بازوں کو ’’سٹولز‘‘ پر کھڑے ہو کر باؤلنگ کروائی جا رہی ہے تاکہ وہ محمد عرفان کے ’’ہائی باؤنس‘‘ اور تباہ کن رفتار کو آسانی سے کھیل سکیں۔ پریکٹس سیشن میں موجود تمام باؤلرز ’سٹولز‘ اور ’سٹینڈز‘ پر کھڑے ہو کر اتنے ہی ’’باؤنس‘‘ پر گیند کرا رہے ہیں جتنا ’’باؤنس‘‘ محمد عرفان کو باؤلنگ کے دوران حاصل ہوتا ہے۔واضح رہے کہ محمد عرفان پاکستان کرکٹ ٹیم کے فرنٹ لائن باؤلر ہیں اور اس سے قبل بھی بھارت کے خلاف کھیلے گئے میچز میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کر چکے ہیں۔ ماہرین کرکٹ کا کہنا ہے کہ محمد عرفان بھارتی بلے بازوں کیلئے تو خطرناک ثابت ہوں گے تاہم نئے باؤلر یاسر شاہ بھی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں۔