انتظار کی گھڑیاں ختم
پاکستانی کرکٹرز بھارت پر فتح کی پیاس بجھانے کیلیے بے چین،میچ پاکستانی وقت کے مطابق صبح 8.30پر شروع ہوگا
روایت کبھی نہ کبھی تو ختم ہوتی ہے،میں پْراعتماد ہوں کہ اس بار کامیابی حاصل کریں گے، ہمیں اندازہ ہے کہ اس ایک فتح سے ہماری ٹیم کو آئندہ ایونٹ کیلیے کس قدر تقویت مل سکتی ہے، اسی لیے ہر کھلاڑی اورمینجمنٹ جیت کیلیے پْرعزم ہے،شاہد آفریدی
ایڈیلیڈ( یواین پی ) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے زیر اہتمام رواں ماہ شروع ہونے والے کرکٹ کے عالمی کپ کا اہم میچ روائتی حریفوں پاکستان اور بھارت کے درمیان 15 فروری(آج) ایڈیلیڈ اوول گراؤنڈ پر کھیلا جائیگا، پاکستانی کرکٹرز بھارت پرفتح کی پیاس بجھانے کیلیے بے چین ہیں اور 5بار ہارنے والے گرین شرٹس نے چھٹی کوشش میں روایتی حریف کوقابو کرنے کا عزم ظاہر کردیا۔تفصیلات کے مطابق پاکستانی ٹیم ورلڈکپ میں اب تک 4مرتبہ بھارت کے دیے ہدف کو حاصل کرنے میں ناکام رہی، ایک بار بلو شرٹس نے ٹارگٹ تک رسائی حاصل کرکے فتح سمیٹی، اب اتوار کو شیڈول میچ میں گرین شرٹس تاریخ بدلنے کے خواہاں ہیں، کپتان مصباح الحق کا یواین پی سے کہنا ہے کہ یہ سلسلہ اب ختم ہو جانا چاہیے، ہم تاریخ بدلنے کیلیے ایڑی چوٹی کا زور لگا دیں گے، میں نہیں جانتا کہ اب تک ہم کیوں ہارتے رہے، ہوسکتا ہے کہ ماضی کی ہماری ٹیمیں مقابلے کا دباؤ برداشت نہ کرسکی ہوں، شاہد آفریدی نے کہا کہ روایت کبھی نہ کبھی تو ختم ہوتی ہے،میں پْراعتماد ہوں کہ اس بار کامیابی حاصل کریں گے، ہمیں اندازہ ہے کہ اس ایک فتح سے ہماری ٹیم کو آئندہ ایونٹ کیلیے کس قدر تقویت مل سکتی ہے، اسی لیے ہر کھلاڑی اورمینجمنٹ جیت کیلیے پْرعزم ہے۔سینئر بیٹسمین یونس خان نے کہا کہ میگا ایونٹ میں پہلا ٹاکرا ہی بھارت کے ساتھ ہونا اچھی بات ہے۔ اگر ہم فتح حاصل کرلیں تو یہ مہم کا بہترین آغاز ہوگا، محمد عرفان نے کہاکہ میں جانتا ہوں کہ اس اہم ترین میچ میں مجھ سے کیا توقعات وابستہ ہیں،ان پر پورا اترنے کیلیے پْرعزم ہوں، صہیب مقصود نے کہا کہ ہر کھلاڑی اس میچ کی اہمیت سے واقف ہے ،اگر اس فتح میں میرے بیٹ سے اگلنے والی سنچری شامل ہو تو یہ سونے پر سہاگہ ہوگا، سہیل خان نے کہاکہ میں کسی بھارتی بیٹسمین سے خوفزدہ نہیں ہوں،ویرات کوہلی ہو یا ان جیسی شہرت رکھنے والا کوئی اور بیٹسمین میری کوشش ہوگی کہ جلد از جلد اس کی وکٹ حاصل کروں،وہاب ریاض نے امید ظاہر کی کہ پاکستانی عوام اتوار کو جشن منائیں گے