ورلڈ کپ کرکٹ : پاکستان کو پہلی کامیابی مل گئی، زمبابوے کو 20 رنز سے شکست

Published on March 1, 2015 by    ·(TOTAL VIEWS 1,283)      No Comments

برسبین(یو این 0111پی)آئی سی سی ورلڈ کپ کے گروپ میچ میں پاکستان نے زمبابوے کو 20 رنز سے شکست دے کر ایونٹ میں پہلی کامیابی حاصل کرلی۔آسٹریلیا کے برسبین کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلے جا رہے میچ میں قومی ٹیم نے مقررہ 50 اوورزمیں 7 وکٹوں کے نقصان پر235 رنزبنائے جس کے جواب میں زمبابوے کی پوری ٹیم آخری اوور میں 215 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔یواین پی کے مطابق ہدف کے تعاقب میں زمبابوے کا آغاز بھی اچھا نہ رہا اور 22 کے مجموعی اسکورپردونوں اوپنرز پویلین لوٹ گئے، چامو شیبابا 9، سکندررضا 8 ،مساکدزا 29، برینڈن ٹیلر 50، سین ولیمز 33، کریگ ایرون 14، سولومون مائر8 اور تاوندا موپاریوا بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے جب کہ کپتان چکمبورا نے مزاحمت کی کوشش کی لیکن وہ 35 رنز بناکر ہمت ہار گئے۔ حسب روایت وکٹ کیپر عمر اکمل نے میچ کے اہم موڑ پر 2 کیچ چھوڑے جس کے باوجود محمد عرفان نے 4 اوروہاب ریاض نے4 اور راحت علی نے ایک وکٹ حاصل کی۔گرین شرٹس کی جانب سے کپتان مصباح الحق اور وہاب ریاض نے بالترتیب سب سے زیادہ 73 اور 54 رنز اسکور کئے جب کہ 2 کھلاڑی اپنا کھاتا کھولے بغیر اور ایک بلے باز ایک رن ہی بنا سکا۔ابتدائی دو وکٹیں گرنے کے بعد کپتان مصباح الحق اورحارث سہیل محتاط انداز سے بیٹنگ کرتے رہے اور دونوں بلے بازوں نے شارٹس کھیلنے کے بجائے گیندیں روکنے کو ترجیح دی، تیسری وکٹ کی شراکت میں دونوں بلے بازوں نے 54 رنز جوڑے جس کے بعد حارث سہیل 27 رنز بنانے کے بعد سکندر رضا کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے۔زمبابوے بولرز کے سامنے اوپننگ بلے باز اور مڈل آرڈر ریت کی دیوارثابت ہوا، چوتھی وکٹ پر کپتان مصباح الحق اورعمراکمل نے 69 رنزکی شراکت قائم کی تو عمراکمل 127 کے مجموعے پر33 رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے جس کے بعد شاہد آفریدی اپنے روایتی انداز میں شارٹ کھیلتے ہوئے کلین بولڈ ہوگئے۔47ویں اوور میں کپتان مصباح الحق آؤٹ ہوئے تو اس وقت ٹیم کا اسکور 202 تھا جس کے بعد وہاب ریاض نے جارحانہ انداز اپناتے ہوئے سہیل خان کے ساتھ 33 رنز کی شراکت قائم کرتے ہوئے اپنی نصف سنچری مکمل کی اور مقررہ اوور کے اختتام تک اسکور 235 تک پہنچا دیا۔وہاب ریاض 54 اور سہیل خان 6 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے۔ زمبابوے کی جانب سے ٹینڈی چتارا نے 3،سین ولیمز نے 2، سکندر رضا اور تاوندا موپاریا نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ پاکستان کی جانب سے میچ میں بہترین ا?ل راؤنڈ پرفارمنس پیش کرنے پر وہاب ریاض کو مین آف دی میچ کے اعزاز سے نوازا گیا۔

Readers Comments (0)




Free WordPress Theme

Premium WordPress Themes