پشاور (یو این پی) پاکستان تحریک انصاف کے باغی رکن ایم پی اے جاوید نسیم نے کہا کہ وہ غریب ہیں لیکن ضمیر فروش نہیں، عسکریت پسند متحدہ میں نہیں لیکن پی ٹی آئی میں موجود ہیں۔ پاکستان تحریک انصاف کے باغی ایم پی اے جاوید نسیم کے حامیوں نے پشاور پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا اور جاوید نسیم کے حق میں نعرے بازی کی
پریس کلب کے سامنے سڑک پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے ایم پی اے جاوید نسیم کا کہنا تھا کہ وہ غریب آدمی ہیں اور ملک کے 98 فیصد غریبوں کی نمائندگی کر رہے ہیں، وہ ضمیر فروش نہیں اسی لئے سینیٹ انتخابات میں انہوں نے ووٹ ہی نہیں ڈالا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ اگر وہ ووٹ ڈالتے تو انہیں کہا جاتا کہ وہ بک گئے ہیں، اس لئے انہوں نے ووٹ ہی نہیں ڈالا، احتجاجی مظاہرین نے عام آدمی کے بینرزاُٹھارکھے تھے۔
جاوید نسیم نے الزام عائد کیا کہ ان کی والدہ کو بالوں سے پکڑ کر گھسیٹا گیا، انہیں کسی کا باپ بھی پارٹی سے نہیں نکال سکتا۔ انہوں نے اس حوالے سے قانونی جنگ لڑنے کا بھی اعلان کیا۔