لندن۔۔۔متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے اپنے ایک بیان میں وزیراعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف کی جانب سے اپوزیشن کے نامز د امیدوار برائے چیئرمین سینیٹ رضا ربانی کی حمایت کے فیصلے کو خوش آئند، حکیمانہ اورجرات مندانہ قراردیتے ہوئے اس فیصلے کا زبردست خیرمقدم کیا ہے ۔ جناب الطاف حسین نے کہاکہ وزیراعظم میاں نواز شریف نے چیئرمین سینیٹ کے عہدے کیلئے اپوزیشن کے نامزد کردہ امیدوار رضاربانی کی غیرمشروط حمایت کا اعلان کرکے سیاسی پختگی اور ملک کی جمہوری روایات میں ایک بڑا انقلابی فیصلہ کیا ہے ، ان کے اس جراتمندانہ فیصلے سے نہ صرف ملک میں جمہوریت مستحکم اور پائیدار ہوگی بلکہ حکومت اور اپوزیشن کے درمیان تناؤ کے بجائے افہام وتفہیم اور ایک دوسرے کیلئے فراخدلی کا کلچر بھی جنم لے گا۔ جناب الطاف حسین نے کہاکہ جس طرح وزیراعظم نواز شریف نے چیئرمین سینیٹ کیلئے اپوزیشن کے نامزد امیدوار رضا ربانی کی حمایت کرکے فراخدلی اور خیرسگالی کا مظاہرہ کیا ہے یہ عمل ملک میں جمہوریت ، بھائی چارے ، کشادہ دلی ، افہام وتفہیم ، پاکستان کی ترقی وخوشحالی اور اتحاد ویکجہتی میں بہت معاون ومددگار ثابت ہوگا۔ جناب الطاف حسین نے فراخدلانہ فیصلے پر وزیراعظم نوازشریف کا شکریہ ادا کرتے ہوئے میاں نوازشریف ، ان کے اہل خانہ ، دوست احباب اور مسلم لیگ (ن) کے تمام رہنماؤں اور کارکنوں کو مبارکباداورخراج تحسین پیش کیا ۔