دھماکے کے وقت چرچ میں 500سے زائد افراد موجود تھے اور دعائیہ تقریب جاری تھی ، جائے حادثہ سے ایک مشکوک شخص کو حراست میں لے لیا گیا،یادرہے کہ یوحنا آباد کے علاقے میں اکثر مسیحی آبادی ہے اور اتوار کی وجہ سے چرچ میں کافی رش ہوتاہے
لاہور(یو این پی) فیروز پور روڈ پر یوحناآباد کے علاقے میں چرچ کے قریب یکے بعد دیگرے دودھماکوں سے 40سے زائد افراد زخمی ہوگئے ہیں جنہیں جنرل ہسپتال لاہورمنتقل کردیاگیاجبکہ موٹرسائیکلوں ، رکشوں اور ویگنوں میں زخمیوں کی آمد کا سلسلہ تاحال جاری ہے۔دھماکوں کے نتیجے میں 8 افراد جاں بحق ہوگئے،یواین پی کے مطابق دھماکے کے وقت چرچ میں 500سے زائد افراد موجود تھے اور دعائیہ تقریب جاری تھی۔پولیس کے مطابق موقع سے ایک دہشتگرد گرفتار کرلیاگیاہے جبکہ ایک شخص شہریوں کے تشدد سے ہلاک ہوگیا اوراْس کی لاش کو سڑک پر گھسیٹنا شروع کردیا۔مشتبہ شخص کی بیس سے بائیس سال عمر تھی اوراْس کے بال بڑھے ہوئے تھے ، زخمی حالت میں لوگوں کے ہتھے چڑھ گیا۔دھماکے کی جگہ پر افراتفری کا عالم ہے اور چرچ میں موجود لوگوں کے عزیزواقارب بھی ہسپتال اور جائے دھماکہ پر پہنچناشروع ہوگئے جس کے باعث امدادی کارروائیوں میں بھی مشکلات کا سامناہے جبکہ پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سیکیورٹی سخت کردی گئی۔عینی شاہدین کے مطابق دھماکوں سے قبل فائرنگ کی گئی۔ہسپتال ذرائع کے مطابق ایمرجنسی نافذ کرکے ڈاکٹروں کو طلب کرلیاگیاہے۔یادرہے کہ یوحنا آباد کے علاقے میں اکثر مسیحی آبادی ہے اور آج اتوار کی وجہ سے چرچ میں کافی رش ہوتاہے۔