سرفراز نے ’’پاکستان ‘‘کو سرفراز کر دیا،کوارٹر فائنل میں جگہ پکی

Published on March 15, 2015 by    ·(TOTAL VIEWS 758)      No Comments

011
آئی سی سی ورلڈ کپ، پاکستان نے آئرلینڈ اور ویسٹ انڈیز نے یو اے ای کو شکست دے کر کوارٹر فائنل میں جگہ بنا لی
گرین شرٹس نے آئرلینڈ کی طرف سے دیا گیا 238 رنز کا ہدف 47 ویں اوور میں 3 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا، سرفراز احمد کے ناقابل شکست 101 رنز، مرد میدان قرار پائے
ایڈیلیڈ، نیپئر (یو این پی) آئی سی سی ورلڈ کپ کے اہم میچ میں پاکستان نے آئرلینڈ کو 7 وکٹوں سے شکست دے کر کوارٹر فائنل میں جگہ بنا لی۔ آئرلینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 237 رنز بنائے، کپتان ولیم پورٹر فیلڈ نے 107 رنز کی اننگز کھیلی۔ وہاب ریاض نے تین جبکہ راحت علی اور سہیل خان نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔ جواب میں پاکستان نے ہدف سرفراز احمد کی شاندار سنچری کی بدولت 46.1 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا، سرفراز احمد نے ایک بار پھر عمدہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا، انہوں نے 101 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر پاکستان کی فتح میں اہم کردار ادا کیا اور مسلسل دوسری بار مین آف دی میچ قرار پائے۔ احمد شہزاد 63 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ اس سے قبل نیپئر میں کھیلے گئے میچ میں ویسٹ انڈیز نے متحدہ عرب امارات کو 6 وکٹوں سے ہرا کر کوارٹر فائنل تک رسائی حاصل کی۔ فاتح ٹیم نے یو اے ای کی طرف سے دیا گیا 176 رنز کا ہدف 31 ویں اوور میں 4 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔ جونسن چارلس اور جوناتھن کارٹر نے نصف سنچریاں سکور کیں۔ تفصیلات کے مطابق اتوار کو ایڈیلیڈ، اوول میں پاکستان اور آئرلینڈ کے مابین کھیلے گئے پول بی کے انتہائی اہم میچ میں آئرش کپتان ولیم پورٹر فیلڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، پاکستان نے ٹیم میں دو تبدیلیاں کیں، یونس خان کی جگہ حارث سہیل اور محمد عرفان کی جگہ احسان عادل کو پلیئنگ الیون کا حصہ بنایا گیا۔ آئرش ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں تمام وکٹوں کے نقصان پر 237 رنز بنائے۔ ولیم پورٹر فیلڈ نے عمدہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور 107 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ آئرلینڈ کے دیگر بلے باز پاکستانی باؤلنگ کے سامنے بے بس دکھائی دیئے اور وقفے وقفے سے آؤٹ ہوتے رہے۔ پال سٹرلنگ 3 ، ایڈ جوئس 11 ، نیل اوبرائن 12 ، اینڈی بلبرینی 18 ، گیری ولسن 29 اور کیون اوبرائن 8 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ وہاب ریاض نے تین جبکہ راحت علی اور سہیل خان نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔ جواب میں پاکستان نے ہدف 46.1 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔ سرفراز احمد نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور 101 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی، یہ رواں ورلڈ کپ میں پاکستان کی جانب سے پہلی سنچری ہے۔ احمد شہزاد 63 اور کپتان مصباح الحق 39 رنز بناکر آؤٹ ہوئے جبکہ عمر اکمل 20 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔ سرفراز احمد کو مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔ اس سے قبل میکلین پارک، نیپئر میں کھیلے گئے پول بی کے میچ میں ویسٹ انڈیز کے کپتان جیسن ہولڈر نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ یو اے ای کی ٹیم ویسٹ انڈین باؤلنگ کے سامنے ریت کی دیوار ثابت ہوئی اور 47.4 اوورز میں 175 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ آخر میں ناصر عزیز نے 60 اور امجد جاوید نے 56 رنز کی اننگز کھیل کر ٹیم کو مکمل تباہی سے بچایا، دونوں کے درمیان ساتویں وکٹ میں 107 رنز کی ریکارڈ شراکت قائم ہوئی۔ جیسن ہولڈر نے چار، جیروم ٹیلر نے تین اور اینڈرے رسل نے دو وکٹیں حاصل کیں۔ جواب میں ویسٹ انڈیز نے ہدف 30.3 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔ جونسن چارلس 55 اور جوناتھن کارٹر ناٹ آؤٹ 50 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ جیسن ہولڈر کو مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔

Readers Comments (0)




Free WordPress Theme

WordPress Blog