جھنگ ( یواین پی) مسلم لیگ ن کے رکن قومی اسمبلی شیخ محمداکرم نے کہا ہے کہ چالیس ہزار لیگی کارکن وزیراعظم کی گوجرہ آمد پر استقبال کیلئے تیار ہیں۔ کوئی غلط فہمی میں نہ رہے ۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے گزشتہ روز اپنی رہائشگاہ پر میڈیا کے نمائندوں سے غیررسمی گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کسانوں سمیت دیگر مسائل کے حل کیلئے دن رات کوشاں ہے اور کوئی بغیرسواریوں کے تانگہ پارٹی والا نام نہاد اور خودساختہ لیڈر جو پندرہ سال تک میری ٹرانسپورٹ کمپنی میں بطور منیجر کام کرتا رہا ہے ، وزیراعظم کی آمد پر کیا احتجاج کرائے گا۔ انہوں نے کہا کہ جھنگ ، ٹوبہ ،گوجرہ اور فیصل آباد ڈویژن سے تعلق رکھنے والے لاکھوں لیکگی کارکن فخر پاکستان میاں نوازشریف کے استقبال کیلئے گوجرہ پہنچ سکتے ہیں بلکہ شرپسندوں سے نپٹنا بھی جانتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ ہم آئین اور قانون کی بالادستی پر یقین رکھنے والے لوگ ہیں اس لئے ماورائے آئین کوئی اقدام نہ کرتے ہیں جبکہ امجد وڑائچ میرا سابقہ منیجر جس کو میں نے نوکری سے نکالا تواس نے اجرتی قاتلوں اور بدمعاشوں کے ٹولہ کو ساتھ ملا کر ٹرانسپورٹ کے کاروبار میں من مانی اور بدمعاشی شروع کردی جس کو ہم نے بند کرایا تو یہ لوگ انتقامی کاروائیوں پر اتر آئے اور انہوں نے اپنے دست راست ایک اجرتی قاتل رانا مصباح جو اس وقت کئی سنگین مقدمات میں سرگودھا جیل میں بند ہے کے ذریعے میری ٹرانسپورٹ کی 40سے زائد گاڑیوں کو توڑ کر اور فائرنگ کرکے نقصان پہنچایا جن کے 40مقدمات سندھ اور پنجاب میں درج ہیں اور یہ لوگ مفرور ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ اب یہ تانگہ پارٹی بغیرسواریوں کے چلا رہے ہیں ، دراصل ان کے اصل مقاصد کچھ اور ہیں جن کو یہ پورا کرنا چاہتے ہیں جبکہ ہم ان اجرتی قاتلوں کے سرپرست اور اس ٹولہ کی ملک سے بدمعاشی ختم کرانے کیلئے آئین وقانون کا سہارا لیے ہوئے ہیں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ تانگہ کی سواریاں احتجاج کی بجائے اللہ سے معافی مانگیں اور رزق حلال کمانے کیلئے کوئی کاروبار کریں کیونکہ بدمعاشوں اور قاتلوں کے خلاف ملک کا قانون حرکت میں آچکا ہے ۔