اسلام آباد (یو این پی) وزیر مملکت برائے پانی و بجلی چوہدری عابد شیر علی نے کہا ہے کہ اپریل مئی تک 2000 میگاواٹ بجلی سسٹم میں شامل کریں گے‘ ملک میں 31 پاور پلانٹس نجی شعبہ میں کام کر رہے ہیں‘ ان سے 9 ہزار 72 میگاواٹ بجلی پیدا ہوتی ہے‘ حکومت کا فیصلہ ہے کہ زیادہ نقصانات اور زیادہ ادائیگیوں والے فیڈرز کو بجلی کی ترسیل میں فرق رکھا جائے گا۔ پیر کو قومی اسمبلی میں وقفہ سوالات کے دوران نعیمہ کشور خان کے سوال کے جواب میں چوہدری عابد شیر علی نے بتایا کہ ٹرانسفارمروں کی مرمت کے لئے 30 دسمبر 2014ء تک 8 ورکشاپس کی رجسٹریشن کی گئی۔ آئندہ پانچ سالوں میں مزید ورکشاپس قائم کی جائیں گی۔ شاہدہ رحمانی کے سوال کے جواب میں عابد شیر علی نے بتایا کہ اپریل مئی تک 2000 میگاواٹ بجلی سسٹم میں شامل کریں گے۔ ٹرانسمیشن لائنوں کو اپ گریڈ کیا جارہا ہے۔ نسیمہ کے سوال کے جواب میں وزیر مملکت برائے پانی و بجلی چوہدری عابد شیر علی نے بتایا کہ دادو‘ خضدار اور ڈی جی خان‘ لورا لائی میں شروع کئے گئے ٹرانسمیشن لائنوں کے قابل عمل ہونے کا جائزہ مکمل کرلیا گیا ہے۔ بلوچستان میں بجلی کی کلب طلب 1730 میگاواٹ ہے۔ ٹرانسمیشن لائن اپ گریڈ کی جارہی ہیں جس سے 200 سے 300 میگاواٹ بجلی اضافی ملے گی۔ اس وقت بلوچستان کو 500 میگاواٹ بجلی دی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بجلی جہاں بھی پیداوار ہو وہ وفاق کی ہوتی ہے اور وہی تقسیم کرتا ہے۔ خالدہ منصور کے سوال کے جواب میں عابد شیر علی نے بتایا کہ آئی پی پیز کے پاس فنڈنگ کی وجہ سے ایس ای پی سی او ایل اور جاپان پاور پلانٹس یکم جولائی 2013ء سے آج تک بند ہیں۔ ملک میں 31 پاور پلانٹس نجی شعبہ میں کام کر رہے ہیں۔ ان میں سے 9 ہزار 72 میگاواٹ بجلی پیدا ہوتی ہے۔ عائشہ سید کے سوال کے جواب میں عابد شیر علی نے بتایا کہ آئیسکو کو کہا ہے کہ ایف سکس میں ایک میٹر پر 516 گھروں کو بجلی کی فراہمی سمیت دیگر امور 31 مارچ تک نمٹائیں۔