رحیم یار خان(یو این پی)پولیو کا خاتمہ حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے جس کے لئے تمام محکموں کو قومی ذمہ داری اور جنگی بنیادوں پر کام جاری رکھنا ہوگا، پولیو کے خاتمہ کے لئے شعور بیدار کرنے کی ضرورت ہے ۔ ڈی سی اوطارق محمود بخاری نے انسداد پولیو مہم کے حوالے سے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ضلع میں آنے والے خانہ بدوش خاندانوں پر خصوصی نظر رکھی جائے اور ان میں موجود پانچ سال سے کم عمر بچوں کو پولیو سے بچاؤ کی ویکسین کے قطرے اور وٹامن اے کیپسول پلائے جائیں۔انہوں نے کہا کہ علماء کرام نے ہمیشہ انسداد پولیو مہم میں انتظامیہ کا ساتھ دیا لہذا محکمہ صحت علماء کرام سے قریبی رابطے میں رہیں ۔ڈی سی او نے کہا کہ فیلڈ میں موجود پولیو ٹیموں کی سیکورٹی یقینی بنانے کے لئے اسسٹنٹ کمشنر ز اپنی تحصیلوں کے ایس ڈی پی اووز سے مل کر حکمت عملی تیار کریں اور ہائی رسک یونین کونسلز پر خصوصی توجہ دی جائے جبکہ تمام اسسٹنٹ کمشنر ز روزانہ کی بنیاد پر محکمہ صحت کی کارکردگی رپورٹ ترتیب دیں۔ ای ڈی او ہیلتھ ڈاکٹر مخدوم بشارت حسین نے اس موقع پر بتایا کہ ضلع بھر میں پانچ سال سے کم عمر کے 8لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤ کی ویکسین کے قطرے پلائے جائیں گے جبکہ ضلع کے داخلی و خارجی راستوں پر بھی پوائنٹس قائم کئے گئے ہیں۔اس موقع پر ڈی ایچ او ڈاکٹر حسن خان، ای پی آئی فوکل پرسن ڈاکٹر مہروز سلیم، فرقان تتلہ و دیگر موجود تھے۔