شہرہ آفاق آل راؤنڈر شاہد آفریدی کا 19 سالہ سنہری دور اختتام کو پہنچ گیا

Published on March 21, 2015 by    ·(TOTAL VIEWS 1,133)      No Comments

01
آفریدی کو ون ڈے میں 350 چھکے لگانے کا عالمی اعزاز حاصل،398 میچز میں 8064 رنز اور 395 وکٹیں حاصل کیں،ون ڈے میں تیسری تیز ترین سنچری کا اعزاز بھی ان کے نام ہے
اسلام آباد۔۔۔ شہرہ آفاق پاکستانی آل راؤنڈر شاہد خان آفریدی کا ون ڈے اور ٹیسٹ کرکٹ کا 19 سالہ سنہری دور عروج و زوال کے بعد اختتام کو پہنچ گیا۔ آفریدی یکم مارچ 1980ء کو خیبرپختونخوا میں پیدا ہوئے اور1996 میں کینیا کے خلاف میچ سے انہوں نے اپنے کیرئیر کا آغاز کیا لیکن اگلے ہی میچ میں سری لنکا کے خلاف صرف 37 گیندوں پر سنچری داغ کر انہوں نے تیز ترین سنچری بنانے کا اعزاز اپنے نام کیا وہیں سے وہ باؤلرز کیلئے خوف کی علامت بن گئے۔ جارحانہ انداز کی وجہ سے وہ پوری دنیا میں بوم بوم کے نام سے پہچانے جاتے ہیں، انہوں نے متعدد بار اہم موقعوں پر عمدہ بیٹنگ و باؤلنگ کا مظاہرہ کر کے ٹیم کو فتوحات دلانے میں کردار ادا کیا۔ انہوں نے 27 ٹیسٹ، 398 ون ڈے اور 59 ٹی ٹوئنٹی میں قومی ٹیم کی نمائندگی کی۔ آفریدی نے ٹیسٹ کرکٹ سے پہلے ہی کنارہ کشی اختیار کر رکھی تھی اور ورلڈ کپ میں کینگروز کے ہاتھوں شکست کے ساتھ ان کا ون ڈے کیریئر بھی اختتام پذیر ہو گیا تاہم وہ ٹی ٹونٹی ٹیم کی قیادت جاری رکھیں گے۔ آفریدی نے قومی ٹیم کی قیادت کی وہیں انہیں پابندیوں اور تنازعات کا سامنا بھی کرنا پڑا، دلچسپ 19 سالہ کیرئیر میں آل راؤنڈرپر کئی بار پابندیاں بھی لگیں اور انہیں گراؤنڈ سے باہر بیٹھ کر میچ دیکھنے کی سزا بھی ملی۔ آفریدی نے 27 ٹیسٹ میچز کی 48 اننگز میں 5 سنچریوں اور 8 نصف سنچریوں کی بدولت 36.51 کی اوسط سے 1716 رنز بنائے، انہوں نے 398 میچز میں 8 ہزار 64 رنز بنائے جس میں 6 سنچریاں اور 39 نصف سنچریاں شامل ہیں، انہوں نے ٹیسٹ میچز میں 48 اور ایک روزہ میچز میں 395 وکٹیں بھی حاصل کیں۔

Readers Comments (0)




WordPress Themes

Free WordPress Themes