فری ٹاؤن ۔۔۔سرالیون نے ایبولا کے حالیہ 150کیسز رونما ہونے کے بعد حکام نے تقریباً 25لاکھ افراد کی 3روز کے لئے نقل و حمل محدود کرنے کا فیصلہ کر لیا جو کہ 72گھنٹوں کے لئے گھروں پر نظر بند رہیں گے۔ جمعہ کو ذرائع ابلاغ کی رپورٹس کے مطابق نیشنل ایبولا ریسپونس سنٹر کے سربراہ پالو کونیتھ نے کہا ہے کہ گزشتہ سال ستمبر کی طرح 27مارچ سے لے کر 29مارچ تک 3روز تک لوگوں کو اپنے گھروں میں رہنا ہو گا جہاں پر ماہرین اور طبی ٹیمیں گھر گھر جا کر ایبولا کے حوالے سے آگاہی دینے کے ساتھ ساتھ طبی معائنے بھی کریں گے اور ایبولا کے مریضوں کی تلاش اور بیماری پر قابو پانے کے لئے یہ اقدام بومیالی اور پورٹ لوکونامی اضلاع میں اٹھایا جائے گا۔ واضح رہے کہ مغربی افریقہ کے اس ملک میں ایبولا وائرس سے 3700افراد ہلاک ہو چکے ہیں جبکہ اس بیماری سے ملک کی معیشت بھی بری طرح متاثر ہوئی ہے۔