ریاض (یو این پی) سعودی شاہ سلمان نے کہا ہے کہاہداف کے حصول تک یمن میں حوثی باغیوں کے خلاف فوجی کارروائی جاری رہے گی جبکہ یمن میں حوثی باغیوں کے خلاف فضائی حملوں کا سلسلہ جاری ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق شرم الشیخ میں عرب لیگ کے سالانہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ یمن میں سعودی اتحادی فضائیہ کی کارروائی ایران نواز شیعہ باغیوں کی پرتشدد کارروائیوں کا جواب ہے۔ ادھر ایران نے یمن کے داخلی معاملات میں مداخلت کے الزامات مسترد کر دیے ہیں۔ اس اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے یمنی صدر منصور ہادی نے عرب ممالک پر زور دیا کہ حوثی باغیوں کے خلاف اس وقت تک فوجی آپریشن جاری رہنا چاہیے، جب تک وہ ہتھیار نہیں ڈال دیتے۔ مصر میں منعقد ہونے والے عرب لیگ کے اس اجلاس میں یمن کا موضوع سرفہرست ہے۔ دوسری جانب سعودی عسکری اتحاد یمن میں حوثی باغیوں کے خلاف فضائی حملوں کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہے۔ امریکی صدر باراک اوباما نے سعودی بادشاہ سلمان کو یقین دہانی کرائی ہے کہ علاقائی سطح پر استحکام کی کوششوں میں واشنگٹن حکومت ان کے ساتھ ہے۔ یمن میں اس تازہ تنازعے کے نتیجے میں علاقائی سطح پر ایک نئے بحران کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے۔