جکارتہ۔۔۔ انڈونیشیا نے مبینہ طور پر بنیاد پرستی کو بڑھاوا دینے والی 22 ویب سائٹس کو بلاک کردیا ۔ان ویب سائٹس کو بلاک کرنے کی درخواست حال ہی میں انڈونیشیا کی انسداد دہشت گردی کی قومی ایجنسی کی طرف سے کی گئی تھی۔ذرائع ابلاغ کے مطابق جکارتہ میں پارلیمنٹ میں ہونے والی ایک سماعت کے دوران ایجنسی کے سربراہ سعود عثمان نے بتایا کہ بہت سے عوامل کو دیکھتے ہوئے ویب سائٹس کو بلاک کیا گیا جن میں لوگوں کو شام اور دیگر ممالک میں داعش کے ساتھ مل کر جہاد کے لیے اکسانا بھی شامل ہے۔انھوں نے کہا کہ اب ضرورت اس بات کی ہے کہ کسی ویب سائٹ پر دہشت گردی کے حوالے سے جہاد کے لیے لوگوں کو اکسانے کے بارے میں لکھے گئے مضامین پر نظر رکھی جائے۔ پارلیمنٹ کی کمیٹی برائے دفاع اور خارجہ امور کے نائب سربراہ حنفی رئیس نے متنبہ کیا کہ حکومت کو انتہائی احتیاط سے کام لینا ہو گا۔واضح رہے کہ انڈونیشیا داعش میں شامل ہونے والوں کے خلاف بڑے پیمانے پر کارروائی بھی کر رہا ہے۔ حکام کے مطابق وہ اس شدت پسند گروپ میں شامل ہونے والے اپنے لوگوں کی شہریت منسوخ کرنے کا منصوبہ بھی بنا رہے ہیں۔