ہلالِ احمر انسانیت کی خدمت کا بہترین پلیٹ فارم ہے، ڈاکٹر عبدالقدیر خان

Published on April 11, 2015 by    ·(TOTAL VIEWS 433)      No Comments
06
اسلام آباد ۔۔۔ ملک کے مایہ ناز ایٹمی سائنسدان ڈاکٹر عبدالقدیر خان نے کہاہے کہ انجمن ہلالِ احمر انسانیت کی خدمت کا بہترین پلیٹ فارم ہے اوریہ بات اظہرمن الشمس ہے کہ قومی استحکام کیلئے رضاکارانہ خدمات بنیادی حیثیت رکھتے ہیں ،ہمارامذہب اسلام بلا تخصیص انسانی خدمتِ انسانی کا داعی ہے اوراسی پرزیادہ زور دیتا ہے ۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار گزشتہ روز انجمن ہلالِ احمر کے دورے کے موقع پرادارے کے سٹاف کے ساتھ ملاقات کے دوران بات چیت کے دوران کیا ۔ ڈاکٹر عبدالقدیر خان نے ہلالِ احمر کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ہم سب کو مل کر مشترکہ طورپر بے سہارالوگوں کی مدد کرناہوگی تاکہ وہ اپنے پاؤں پرکھڑے ہوکرمعاشرے میں اپنافعال کرداراداکرسکیں ۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ انجمن ہلالِ احمر کو دل کھول کر عطیات دیں تاکہ انسانیت کی حقیقی خدمت کی منزل حاصل کی جاسکے ۔ آنے والے مبارک مہینہ رمضان کے پیشِ نظر انجمن ہلال احمرکی بھرپور معاونت کی جائے تاکہ اِس با برکت مہینے میں زیادہ سے زیادہ لوگ انسانیت کی خدمت کیلئے جاری کوششوں سے استفادہ کرسکیں۔ انہوں نے انجمن ہلالِ احمر کے چیئرمین کو یقین دلایا کہ وہ ہلالِ احمر کیلئے اپنی خدمات ہمیشہ جاری رکھیں گے۔ قبل ازیں چیئرمین ہلالِ احمر ڈاکٹر سعید الٰہی نے ادارے میں آمد پرڈاکٹر عبدالقدیر خان کا خیرمقدم کیا اور کہا کہ محسنِ پاکستان کی ہلالِ احمر آمد اس ادارے کیلئے اعزازِ کی بات ہے۔ ڈاکٹر عبدالقدیر خان کی پاکستان کیلئے خدمات ناقابل فراموش ہیں اورپوری قوم کو اُن پر فخر ہے۔ انہوں نے محسن پاکستان کوبتایا کہ انجمن ہلالِ احمر کاعملہ اور رضاکار لاکھوں بے سہارا اور آفت میں گھرے لوگوں کی مدد میں مصروف عمل ہیں اوریہ کام جذبہ خدمت کے ساتھ سرانجام دے رہے ہیں۔ تاہم ڈاکٹر عبدالقدیر خان جیسے عظیم لوگ انجمن کی جانب سے پیغامِ انسانیت گھر گھر تک پہچانے میں اہم کردار ادا کرسکتے ہیں جس سے انتہائی ضرورت مند لوگوں کی بھرپور معاونت ہوسکے گی۔
Readers Comments (0)




Free WordPress Themes

WordPress Blog