اسلام آباد (یو این پی) قومی ٹیم کے سٹار فاسٹ باؤلر وہاب ریاض نے مشہور انگلش کاؤنٹی کلب سرے سے معاہدہ کر لیا۔ ریاض کاؤنٹی چیمپئن شپ میں کیون پیٹرسن کو جوائن کریں گے۔ وہاب ریاض گزشتہ ماہ منعقدہ آئی سی سی ورلڈ کپ میں مختلف انداز میں نظر آئے، انہوں نے کوارٹر فائنل میں تندوتیز گیندوں سے آسٹریلوی بلے بازوں کو تگنی کا ناچ نچایا اور مختلف کلب ان کی خدمات حاصل کرنے پر مجبور ہو گئے۔ وہاب ریاض نے اپنے بیان میں سرے کے ساتھ معاہدے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ مجھے چند ویزہ ایشوز کا سامنا ہے تاہم امید ہے کہ جلد یہ معاملہ حل ہو جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ میری اولین ترجیح ملک کی نمائندگی کرنا ہے، قومی ٹیم کی مصروفیات کے باعث میں نے سرے کے ساتھ مختصر دورانیے کا معاہدہ کیا ہے اور میں کلب کیلئے صرف چند ٹی ٹونٹی میچز کھیل سکوں گا۔