واشنگٹن ۔۔۔ امریکی ایجنسی ایف بی آئی کی طرف سے ایک سعودی خاندان پر 9/11حملوں میں ملوث ہونے کے الزامات واپس لئے جانے پر امریکی میڈیا میں نئے پراپیگنڈا کا آغاز ہوگیا ہے اور کسی نہ کسی طرح سعودی عرب کو حملوں کے ساتھ منسلک کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
9/11 دہشتگردی سے متعلق شواہد کا جائزہ لینے والے کمیشن میں ایک ایف بی آئی ایجنٹ نے رپورٹ پیش کی تھی جس میں کہا گیا تھا کہ ساراسوتا کے پوش علاقے میں واقعہ ایک سعودی خاندان حملوں سے عین پہلے اپنا شاندار گھر چھوڑ کر غائب ہوگیا تھا جبکہ گھر میں قیمتی فرنیچر اور گاڑیوں سمیت ہر چیز جوں کی توں تھی۔ بعد ازاں امریکی ایجنسیوں نے اس گھر کے مالک اعصام غزاوی اور اس کے قریبی رشتہ داروں کے 9/11 حملوں کے ملزموں محمد عطاءاور دیگر سے تعلقات ثابت کرنے کا دعویٰ کیا جبکہ یہ بھی کہا گیا کہ اعصام غزاوی ایک اہم سعودی شخصیت کے لئے ایڈوائزر کے فرائض سرانجام دیتے تھے۔