لاہور(یواین پی) سترہ سال بعد ہونے والے کنٹونمنٹ الیکشن کی تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔ ملک بھر کے بیالیس کنٹونمنٹ بورڈز کے ایک سو ننانوے وارڈز میں ایک ہزار ایک سو اکیاون امیدوار آمنے سامنے ہیں۔ مجموعی طور پر اٹھارہ لاکھ چھہتر ہزار ووٹر اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے۔ کراچی کنٹونمنٹ بورڈ میں سب سے زیادہ بتیس وارڈ ہیں۔ لاہور میں بیس جبکہ راولپنڈی، چکلالہ، واہ کینٹ ، سرگودھا اور حیدر آباد میں دس ، دس وارڈز ہیں۔ سیالکوٹ، پشاور، اوکاڑہ ، کوئٹہ اور ایبٹ آباد کنٹونمنٹ پانچ ، پانچ وارڈز پر مشتمل ہیں جبکہ نوشہرہ میں چار، کوہاٹ، رسالپور، اور بہاولپور میں تین، تین اور باقی دو کنٹونمنٹ میں دو ، دو وارڈز ہیں۔ کنٹونمنٹ الیکشن میں چودہ امیدوار بلا مقابلہ منتخب ہو چکے ہیں جن میں تحریک انصاف اور ایم کیو ایم کے دو، دو، مسلم لیگ ن کا ایک اور نو آزاد امیدوار شامل ہیں۔ اٹھارہ سیاسی جماعتوں کے پانچ سو اکتالیس امیدوار انتخاب لڑیں گے۔ تحریک انصاف نے سب سے زیادہ ایک سو تینتیس امیدوار میدان میں اتارے ہیں۔ ن لیگ ایک سو اٹھائیس کے ساتھ دوسرے اور پیپلز پارٹی نواسی امیدواروں کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے۔ ایم کیو ایم اور عوامی تحریک کے ستائیس ، ستائیس امیدوار الیکشن لڑ رہے ہیں جبکہ چھ سو دس آزاد امیدوار بھی قسمت آزما رہے ہیں۔